بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ترک شاعر ترگئے ایورن اور شیری رحمن کے درمیان ٹوئٹرپر نوک جھونک ،ایک دوسرے کو ان فالو کردیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )کشمیریوں اور پاکستان کے بڑے حامی معروف ترک شاعر و موسیقار ترگئے ایورن اور پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والی وفاقی وزیر ماحولیات شیری رحمن کے درمیان ٹوئٹرپر زبردست نوک جھونک ہوئی ہے، جس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے کو ان فالو کردیا۔ کشمیر پر ترکی میں مشہور نظم لکھنے اور فلمانے والے ترگئے ایورن ٹوئٹر پر سابق وزیراعظم عمران خان کی حمایت کررہے تھے، جس پر شیر ی رحمن نے لکھا کہ میں کسی بحث میں نہیں پڑنا چاہتی ، میں آپ کی کشمیر کیلئے حمایت کی قدر کرتی ہوں لیکن آپ پاکستان میں ایک رہنما کیلئے سرگرم حمایت کررہے ہیں، جس کے بعد شیری رحمن نے ترک شخصیت کو ان فالو کردیا، اس پر پاکستانی وزیر کو جواب دیتے ہوئے ترک شخصیت نے لکھا کہ جب بے نظیر بھٹو اور نوازشریف کو اس انداز میں اقتدار سے نکالا گیا تھا، اس وقت بھی میں نے اسی طرح کا ردعمل دیا تھا، انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بھی غلط طریقے سے نکالا گیا ہے، اور پاکستانی عوام کی خواہش کو ہائی جیک کیا گیا ہے، ان کیلئے حمایت میری پاکستان سے وابستگی کی وجہ سے ہے، انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی کسی پاکستانی بہن یا بھائی کو کبھی ان فالو نہیں کیا، میں نے ہمیشہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کیلئے آواز اٹھائی ہے، اور ہم مسلمانوں کو اتحاد کی ضرورت ہے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے بھی شیری رحمن کو ان فالو کردیا۔