لاہور: مسلم لیگ نواز کی چیف سینئر نائب صدراورملک بھر میں 8 فروری کو شیڈول عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ 119 سے امیدوار مریم نواز نے سرکاری ملازمین کیلئے بڑا اعلان کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الانئس (اگیگا) کے نمائندہ وفد نے نے چیف کوآرڈینیٹر رحمان باجوہ کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز سے ملاقات کی ، جس میں مریم نوازنےاگیگا کے مطالبات پورے کرنے کا وعدہ کرلیا ۔
مریم نواز نے کہا کہ ن لیگ اقتدار میں آکر پنشن اصلاحات ،چھٹیوں کے بدلے معاوضے کی ادائیگی اور تنخواہوں میں تفریق ختم کر دے گی ۔ نوازشریف کا نام وعدوں کی تکمیل کی ضمانت ہے، سرکاری ملازمین کےمسائل بغیر کسی احتجاج کےانکی دہلیز پر حل ہوںگے۔
انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے منشور میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کی تجویز شامل ہے، سرکاری ملازمین اور تنخواہ دار طبقات کی مشکلات سے آگاہ ہیں، سرکاری ملازمین شیر پر مہر لگائیں، اُن کے مسائل کے حل کی ضمانت دیتی ہوں
رحمان باجوہ اور وفد کے دیگر قائدین کا سرکاری ملازمین کے مسائل کے حل کے وعدے پر مریم نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔ وفد میں اگیگا پاکستان کے چیف کوارڈینیٹر رحمان باجوہ اگیگا پاکستان کے صدر چوہدری سرفراز، اگیگا پنجاب کے چیئرمین خالد جاوید سنگیڑا، صدر اگیگا پنجاب راجہ طاہر، جنرل سیکرٹری اگیگا پنجاب ندیم اشرفی اور سینیئر وائس چیئرمین اگیگا پنجاب رخسانہ انور سمت دیگر قائدین نے شرکت کی۔
مریم نواز نے سرکاری ملازمین کیلئے بڑا اعلان کردیا








