اسلام آباد: پاکستان کے سابق وزیرِ اطلاعات اور طویل سیاسی تجربہ رکھنے والے سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ ’اس وقت ملک کو دہشت گردی اور معیشت کے بحران کا سامنا ہے اور سیاسی طور پر منقسم پاکستان کو دستِ شفا یا ہِیلنگ ٹَچ کی ضرورت ہے۔‘
مشاہد حسین سید نے گذشتہ چار دہائیوں سے پاکستان کے انتخابات کور کرنے والے سعودی عرب کے سینیئر صحافی فہیم الحامد سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ایک انوکھا الیکشن ہے۔ پاکستان کے لیے ایک مشکل وقت ہے۔ الیکشن میں شامل سیاسی جماعتیں تقسیم ہیں۔ یہ ایک ’پولرائزڈ پاکستان‘ ہے۔
اردو نیوز کو انٹرویو میں مشاہد حسین سید نے ماضی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے آپ کو نوجوان رپورٹر کے طور پر کام کرتے اور انٹرویو کے لیے سابق پاکستانی وزرائے اعظم بے نظیر بھٹو اور نواز شریف کا تعاقب کرتے ہوئے دیکھا ہے، آپ کو پاکستان میں برادر ملک سعودی عرب کے ممتاز صحافی کے طور پر جانا جاتا ہے۔
پاکستان کو درپیش چیلنجز معاشی مسائل، امن امان کی صورتِ حال اور بحرانوں سے متعلق پوچھے گئے سوال پر مشاہد حسین سید نے کہا کہ ’گذشتہ چھ برسوں میں (2017 سے 2024 تک) ہمارے چھ وزرائے اعظم تھے۔ میں تو اسے ’سافٹ کُو‘ کہتا ہوں، ایک حکومت آتی ہے اور ختم ہو جاتی ہے۔ لوگ ان مسائل کا حل چاہتے ہیں۔‘
مشاہد حسین سید کے مطابق ’دہشت گردی کا مقابلہ ہو، معاشی بحران ہو، یا ہیلنگ ٹَچ دینا ہو، تمام سیاسی جماعتوں کو ’رُولز آف دی گیم‘ خود طے کرنا ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’کوئی ایک شخص، حکومت یا ادارہ یہ مسائل حل نہیں کر سکتا، یہ صورتِ حال مشترکہ لائحہ عمل کی متقاضی ہے جس کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔‘
’سیاسی جماعتوں کو ’رولز آف دی گیم‘ خود طے کرنا ہوں گے‘
مشاہد حسین سید کے مطابق ’دہشت گردی کا مقابلہ ہو، معاشی بحران ہو، یا ہیلنگ ٹَچ دینا ہو، تمام سیاسی جماعتوں کو ’رُولز آف دی گیم‘ خود طے کرنا ہوں گے ورنہ یہ اقتدار یا کرسی کے لیے نہ ختم ہونے والی دوڑ بن جاتی ہے۔‘
فہیم الحامد نے سرور باری سے پوچھا کہ ’آپ کے خیال میں پاکستان نے ماضی سے کیا سبق سیکھا ہے؟ پاکستان میں استحکام، خوشحالی اور گڈ گورننس کیسے لائی جا سکتی ہے؟
مشاہد حسین نے کہا کہ سیاسی طور پر منقسم پاکستان کو دستِ شفا یا ’ہِیلنگ ٹَچ‘ کی ضرورت ہے۔‘ (فوٹو: اردو نیوز)
انتخابی امور کے ماہر اور سینیئر تجزیہ کار سرور باری کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کا سب سے بڑا معاملہ ایک ایسی اشرافیہ ہے جو خود کوئی اتفاق رائے کرنے کو تیار ہے اور نہ ہی عوام کو ترقی میں کوئی حصہ دینا چاہتی ہے۔‘
انہوں نے پاکستان میں شرح خواندگی کی صورت حال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان تعلیم کے لحاظ سے خطے میں سب سے زیادہ پسماندہ ہے۔ جنوبی ایشیا کے تمام ممالک میں شرح خواندگی 70 فیصد سے زیادہ ہے اور پاکستان میں ابھی تک 58 فیصد ہے۔ اگر خواتین کی شرح خواندگی دیکھیں تو وہ بہت ہی کم ہے۔‘
’کچھ علاقوں بالخصوص جنوبی پنجاب، بلوچستان اور دیہی سندھ میں خواتین کی شرح خوانگی 20/30 فیصد سے بھی کم ہے۔ کہیں کہیں تو 10 فیصد بھی ہے۔‘








