بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

الیکشن کا نتیجہ آخری وقت میں بدل سکتا ہے: بلاول بھٹو 

 

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں میری جماعت اچھی کارکردگی دکھائے گی، اگر انتخابی نتائج پر یقین بھی ہوتو وہ آخری ٹائم میں بدل سکتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بات ایک انٹرویو میں کہی۔ انہوں نے دوران گفتگو انتہائی اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ انھیں نہیں لگتا کہ عام انتخابات کے نتائج پہلے سے طے شدہ ہیں، اگر ایسا ہوتو میں الیکشن کمپئن کے دوران اتنی زیادہ محنت نہ کرتا، میں اپنی مہم کے سلسلے میں چاروں صوبوں میں گیا ہوں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اگر مجھے محسوس ہوتا کہ الیکشن کے نتائج کو پہلے سے طے کر دیا گیا ہے تو میں الیکشن مہم میں اتنی محنت نہ کرتا۔میں نے پاکستان کے چاروں صوبوں اور شہرِ قائد کراچی میں مسلسل گھنٹوںاپنی مہم چلائی تھی۔

پاکستان مسلم لیگ ن (پی ایم ایل ان) کی طرف سےاخباروں میں چلائی جانے والی اشتہاری مہم پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی جماعت کی جانب سے تاثر دیا جا رہا ہے کہ الیکشن کی ضرورت نہیں کیونکہ ان کا قائد وزیراعظم بن چکا ہے، لیکن مجھے اپنی پاکستانی عوام پرمکمل بھروسہ ہے۔ اگر ان کو انتخابی نتائج پر یقین بھی ہے تو وہ آخری لمحات میں تبدیل ہوسکتا ہے۔

دریں اثنا غیرملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئےکہا  کہ ایک جماعت وزارت عظمٰی کے عہدے کے لیے 8 فروری کا انتظار کرنےکو بھی تیار نہیں ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ انسانی حقوق کی پامالی پر جو کچھ ایچ آر سی پی نےکہا اس میں کوئی نئی بات نہیں ہے، 2013 اور 2018 میں بھی ایچ آر سی پی یہی کہہ رہا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ اگر انتخابی نتائج پہلے سے طےشدہ ہوتے تو میں اتنی محنت نہ کرتا، یہاں ایک جماعت یہ تاثر دینےکی کوشش کر رہی ہےکہ ان کا قائد وزیراعظم بن چکا ہے، مجھے پاکستان کےلوگوں پربھروسہ ہے، مجھے یقین ہے کہ 8 فروری کو پیپلزپارٹی توقع سے زیادہ نتائج دےگی۔

بلاول کا کہنا تھا کہ میری پاکستانیوں سےاپیل ہےکہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کردیں، بدقسمتی سے پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن نفرت اور تقسیم کی سیاست کر رہی ہیں، ہم ماضی کی تمام شکایات کے ازالےکے لیے مصالحتی کمیشن بنانےکا ارادہ رکھتے ہیں، مفاہمتی عمل سے ہم ماضی میں پھنسے رہنے کے بجائے آگے بڑھیں گے۔
ایک اور انٹرویو میں مقبولیت کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس کا اندازہ 8 فروری کو ہوجائےگا۔
ان کا کہنا تھا کہ انتخابات سے پہلے پاکستان کے موجودہ حالات پاکستانی سیاست میں نئے نہیں ہیں، میں اسی بات کی مہم چلارہاہوں کہ ان حالات میں تبدیلی لاسکوں گا، انتخابی عمل پر تمام تر تنقید کے باوجود ہمیں امید ہےکہ الیکشن شفاف ہوں گے۔