بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مشرق وسطیٰ بحران سے پرے ،کشمیر ایک فلیش پوائنٹ ہے ،مسعودخان

غزہ میں جنگ اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے مہلک اثرات ایشیا میں بھی نظر آتے ہیں لیکن ہمالیہ کے پہاڑوں میں واقع دو جوہری طاقتوں کے درمیان جاری تعطل بین الاقوامی برادری کے لئے اس سے بھی زیادہ تباہ کن خطرہ ہے۔
امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے نیوز ویک سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ایک نقطہ شرار (فلیش پوائنٹ) ہے۔ ہندوستان سمجھتا ہے کہ اس نے اس مسئلے کو حل کر لیا ہے لیکن نہ تو کشمیری اور نہ ہی پاکستانی ایسا سوچتے ہیں۔
نیوزویک لکھتا ہے کہ کشمیر کا تنازعہ فلسطین جتنا پرانا مسئلہ ہے اور دونوں تنازعات برطانیہ کی نو آبادیاتی حکومت کے خاتمے کے بعد سامنے آئے ہیں۔ دونوں تنازعات نے کئی بڑی جنگوں کو جنم دیا ہے جو موت اور تباہی لے کر آئی ہیں لیکن ان تنازعات کا کوئی دیرپا حل نہیں نکل پایا۔
جریدہ لکھتا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول کی دونوں جانب بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی موجودگی 75 سال پرانے اس تنازعہ میں ایک اور جہت کا اضافہ کرتی ہے جس کے بارے میں مسعود خان کا کہنا ہے کہ اسے اسلام آباد اور نیو دہلی کے درمیان حل ہونا چاہیے تاکہ قصداً یا غیر شعوری طور پر پیدا ہونے والے کسی بڑے بحران سے بچا جا سکے۔
مسعود خان نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ حقیقت پسندانہ طور پر، ہمیں نہ صرف بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مطابق جموں و کشمیر کے مستقبل پر بات چیت کرنی چاہیے بلکہ لیکن ہمیں جوہری اعتماد سازی پر بھی بات چیت بھی کرنی چاہیے، تاکہ ہم قابل اعتماد مواصلاتی چینلز قائم کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان اور پاکستان دونوں کو اس بات کا ادراک ہونا چاہیے کہ ہم کہاں ہیں، ہماری صلاحیتیں کیا ہیں، ہمارے ارادے کیا ہیں ،تاکہ ہمارانقطہ نظر کسی حادثے کا شکار نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ جوہری ہتھیاروں سے لیس دو ذمہ دار ریاستوں کے طور پر ہمیں کشمیر کے تنازعہ کو حل کرنا چاہیے۔
ایک خطرناک ‘بلائنڈ سپاٹ’کشمیر
جریدہ لکھتا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات عملی طور پر منجمد ہیں۔ پاکستانی حکام نے اکثر اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ کشمیر کے معاملے پر بین الاقوامی توجہ میں کمی نظر آتی ہے ۔ اسلام آباد کی جانب سے نئی دہلی پر الزام ہے کہ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان کے زیر انتظام جموں اور کشمیر کی خودمختاری کو ختم کرکے ایک بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کیا ہے۔
مسعود خان جو کہ آزاد جموں کشمیر کے صدر بھی رہ چکے ہیں کا خیال ہے کہ کہ یوکرائن اور چین کی جانب مغربی ممالک کی توجہ کے باعث کشمیر سے توجہ ہٹ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرائن اور انڈو پیسیفک کے ساتھ ساتھ اب مشرق وسطیٰ کا مسئلہ بھی درپیش ہے۔ لہٰذا کشمیر اب عالمی برادری کے ریڈار اسکرین پر نہیں رہا جس کی وجہ سے وہاں ظلم بدستور جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ کشمیر ایک بلائنڈ سپاٹ ہے جو عالمی برادری کے لیے انتہائی خطرناک ہے کیونکہ کشمیریوں کی آزادی اتنی ہی مقدس ہے جتنی دنیا کے کسی بھی حصے میں 0دوسرے لوگوں کی آزادی مقدس ہے۔
نیوز ویک لکھتا ہے کہ کچھ مشترک تاریخی جڑوں کی وجہ سے پاکستانی حکام اکثر تنازعہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کے درمیان تعلق پیدا کرتے ہیں ۔ مسعود خان نے بھی ان مشترکات کا حوالہ دیا لیکن ساتھ ہی متفرقیت کی طرف بھی اشارہ کیا۔ انہوں کہا کہ فلسطینیوں کو عالمی حمایت حاصل کی ہے اور اقوام متحدہ میں فلسطینیوں کو ابزرور کا درجہ دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ یو این کے ممبر ممالک کی اکثریت اس کو ریاست کے طور پر تسلیم کرتے ہیں ۔ مسعود خان نے کہا کہ ایک وقت تھا جب کشمیر کو بھی اسی طرح کی حمایت حاصل تھی لیکن اب وہ نہیں رہی ۔ اس وجہ سے میں کشمیر کے بارے میں زیادہ پریشان اور زیادہ فکر مند رہتا ہوں۔
دہشت گردی کی عفریت پر بات کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ دہشت گرد افغان سرزمین استعمال کر رہے ہیں ۔ وہ جدید ترین ہتھیار اور مواصلاتی آلات استعمال کر رہے ہیں، اور اس سے پاکستان کی خودمختاری کو خطرہ ہے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ باقی دنیا کے لئے دہشت گردی کی جنگ ختم ہو چکی ہے لیکن پاکستان کے لئے نہیں ۔
پاک امریکہ تعلقات پر بات کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ افغانستا ن سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد پاکستان اور امریکہ کے درمیان نہ صرف سیکیورٹی بلکہ سرمایہ کاری، تعلیم اور موسمیاتی تبدیلی جیسے دیگر شعبوں میں مزید مضبوط تعلقات استوار ہو رہے ہیں ۔
امریکہ اور بھارت کے تعلقات کے حوالے سے سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ کہ کم از کم، ہماری یہ کوشش ہے کہ امریکہ کے ساتھ ہندوستان کے قریبی تعلقات امریکہ کے ساتھ ہمارے تعلقات پر منفی اثر نہ ڈالیں۔اور اسی طرح، ہم یہاں امریکیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ چین کے ساتھ ہمارے تعلقات امریکہ کی قیمت پر نہیں ہیں۔
جہاں تک پاکستان اور ہندوستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات کا تعلق ہے مسعود خان نے اس بات پر زور دیا کہ وہ محسوس کرتے ہیں کہ صرف بات چیت اور روابط سے ہی دیرینہ تنازعات اور اس سے وابستہ خطرات پر قابو پا یا جا سکتا ہے۔
مسعود خان نے کہا کہ میں کوئی بھارت مخالف بیان نہیں دے رہا بلکہ میں یہ کہنے کی کوشش کر رہا ہوں کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ایک مسئلہ ہے جس میں جموں و کشمیر کے لوگوں کی تقدیر شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دو مہذب پڑوسیوں کی حیثیت سے اور دو مہذب قوموں کی حیثیت سے ہمیں مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے اور اس مسئلے کو مذاکرات، سفارت کاری، کثیر الجہتی سفارت کاری، دو طرفہ یا تیسرے فریق کی ثالثی یا کسی نیک نیتی کی ثالثی کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے اور یہی ہونا چاہیے۔