انسداد دہشت گری عدالت اسلام آباد نے جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں سیاسی رہنما اور سابق وزیر مملکت فرخ حبیب کو کیس سے ڈسچارج کر دیا۔
فرخ حبیب انسداد دہشت گری عدالت پیش ہوئے، کیس کی سماعت جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے کی۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ہمیں فرخ حبیب کی گرفتاری مطلوب نہیں ہے، فرخ حبیب کی جانب سے درخواست قبل از گرفتاری ضمانت واپس لے لی گئی۔
عدالت نے فرخ حبیب کو کیس سے ڈسچارج کردیا۔
واضح رہے کہ یکم مارچ 2023 کو سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس اور اسلام آباد ہائی کورٹ آمد پر ہنگامہ آرائی پر 2 علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرلیے گئے تھے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی قیادت میں ایک ہجوم نما لشکر اشتعال انگیز نعرے بازی کرتے ہوئے پیدل اور گاڑیوں پر جوڈیشل کمپلیکس کے مرکزی گیٹ پر پہنچا۔
مقدمات میں فرخ حبیب سمیت اُس وقت پی ٹی آئی میں موجود دیگر رہنماؤں راجا خرم، مرادسعید، علی نواز، عامرکیانی، ، غلام سرور خان راجا بشارت، شہزاد وسیم، شبلی فراز، کرنل عاصم، میجر طاہر صادق اور حماد اظہر کے نام شامل کیے گئے تھے۔
بعد ازاں، 8 ستمبر 2023 کو سیکیورٹی فورسز نے پی ٹی آئی کے اُس وقت کے مرکزی رہنما فرخ حبیب کو 8 دیگر افراد کے ساتھ گوادر سے گرفتار کر لیا تھا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے گرفتاری کی تصدیق کر دی تھی۔
16 اکتوبر 2023 کو گرفتار رہنما فرخ حبیب نے پارٹی چھوڑ کر جہانگیر ترین کی قیادت میں استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا تھا۔
لاہور میں استحکام پاکستان پارٹی کے دفتر میں عون چوہدری اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فرخ حبیب نے کہا تھا کہ گزشتہ تین ہفتوں سے میں نے اپنے اہل خانہ سے رابطہ منقطع کیا ہوا تھا جس کی کچھ وجوہات تھیں کیونکہ گزشتہ 5 ماہ سے گھر میں موجود نہیں تھے۔
انہوں نے کہا تھا کہ 9 مئی کا واقعہ افسوس ناک تھا جس کی وجہ سے گھروں میں موجود نہیں تھے اور گزشتہ 5 ماہ سے یہ سوچ دماغ میں تھی کہ جو سیاست ہم کر رہے ہیں کیا اس کے لیے ہم نے سیاست کا آغاز کیا تھا۔








