وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ(Ata Tarar) نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے احتجاج کو معمول کی سیاسی سرگرمی قرار دیتے ہوئے انہیں ایک قدم پیچھے ہٹنے اور تصادم کے بجائے مذاکرات کے ذریعے راستہ نکالنے کا مشورہ دیا ہے۔
عطا تارڑ نے اپنے ایک بیان میں اس حوالے سے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو ان کے اپنے لوگ بھی سمجھا رہے ہیں، لیکن وہ تصادم چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا احتجاج کوئی بڑی بات نہیں، ملک میں معمولی نوعیت کے ٹریفک جام ہوتے رہتے ہیں۔
انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے مؤقف میں لچک پیدا کریں اور ایک قدم پیچھے ہٹ کر کوئی قابل قبول راستہ تلاش کریں۔
مزیدپڑھیں:ترک صدر نے مکہ دفاعی معاہدے کی باضابطہ منظوری دیدی
وفاقی وزیرِ اطلاعات نے اپنے بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مؤقف پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ انہیں ریفرنڈم کے معاملے پر عوامی رائے سے اتنا خوف کیوں ہے؟
عطا تارڑ نے واضح کیا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ تعلقات برقرار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلافِ رائے اپنی جگہ، تاہم دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی روابط ختم نہیں ہوئے۔
انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے احتجاج اور سیاسی اختلافات کے معاملے پر زور دیا کہ تصادم کے بجائے بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کیا جانا چاہیے۔








