بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کے رانا عرفان نے ورلڈ کپ آف اسنوکر کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

پاکستان کے اسنوکر کھلاڑی رانا عرفان(Rana Irfan) نے عمان کے شہر مسقط میں کھیلے گئے ورلڈ کپ آف اسنوکر کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ آل پاکستان فائنل میں انہوں نے سابق عالمی چیمپئن محمد آصف کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-5 سے شکست دے کر عالمی اعزاز حاصل کیا۔

جمعرات کو کھیلے گئے فائنل میں رانا عرفان نے ابتدا ہی سے مقابلے پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور محمد آصف کو ایک بھی فریم جیتنے کا موقع نہیں دیا۔ انہوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل 5 فریمز جیت کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

رانا عرفان نے پہلا فریم 46-96 سے جیتا، جس میں انہوں نے 56 پوائنٹس کی بریک بھی کھیلی۔ دوسرے فریم میں انہوں نے 48-67 سے کامیابی حاصل کرکے اپنی برتری 0-2 کر دی، جبکہ تیسرا فریم 1-61 سے اپنے نام کیا۔

چوتھے فریم میں رانا عرفان نے 68 پوائنٹس کی شاندار بریک کھیلی اور محمد آصف کو 12-91 سے شکست دی۔ انہوں نے پانچویں اور آخری فریم میں بھی اپنی برتری برقرار رکھی اور 6-69 سے کامیابی حاصل کرکے فائنل 0-5 سے جیت لیا۔

مزیدپڑھیں:لندن میں 10 سکینڈ میں 27 کروڑ روپے کی بڑی ڈکیتی کی واردات

ورلڈ کپ آف اسنوکر میں پاکستان کے دیگر کھلاڑیوں نے بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ایونٹ میں شریک پاکستان کے چاروں کھلاڑیوں، محمد آصف، رانا عرفان، اسجد اقبال اور مبشر رضا نے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔

پاکستانی کھلاڑیوں کی برتری کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سیمی فائنل تک پہنچنے والے 4 کھلاڑیوں میں سے 3 کا تعلق پاکستان سے تھا۔ رانا عرفان اور محمد آصف نے فائنل میں جگہ بنائی، جس کے نتیجے میں ٹائٹل پاکستان کے نام ہونا یقینی ہو گیا تھا۔ آخری مقابلے میں رانا عرفان کی کامیابی نے پاکستان کو عالمی اسنوکر کپ کا چیمپئن بنا دیا۔