عالمی مارکیٹ میں جمعہ کو سونے کی قیمتوں(Gold Rates) میں اضافہ دیکھا گیا، جس کے نتیجے میں قیمتی دھات رواں ہفتے کے دوران ایک سال سے زائد عرصے کی کم ترین سطح سے بحال ہوگئی۔ امریکی تعطیلات کے باعث مارکیٹ میں سرگرمیاں محدود رہنے سے مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے متعلق خدشات میں کمی اور سونے پر فروخت کا دباؤ کم ہوا۔
اسپاٹ گولڈ کی قیمت 1.6 فیصد اضافے کے بعد 3,622.91 ڈالر فی اونس ہوگئی۔ بدھ کو امریکی افراط زر کے بلند اعداد و شمار کے بعد شرح سود میں اضافے کی توقعات مضبوط ہونے پر سونے کی قیمت ستمبر 2025 کے بعد کم ترین سطح پر آگئی تھی۔ رواں ہفتے اب تک سونے کی قیمت میں تقریباً 2.7 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔
امریکی گولڈ فیوچرز کی قیمت دسمبر کی ڈیلیوری کے لیے 2.6 فیصد بڑھ کر 3,621.10 ڈالر فی اونس ہوگئی۔
وی ٹی مارکیٹس کے چیف اسٹریٹجی آفیسر راس میکسویل کے مطابق، حالیہ نقصان کے بعد سونے کی قیمت مستحکم ہونے کی کوشش کررہی ہے، تاہم سرمایہ کار اب بھی محتاط ہیں۔ امریکی تعطیلات کے باعث ٹیکنالوجی اسٹاکس میں فروخت اور اثاثوں کی لیکویڈیشن رکنے سے سونے پر دباؤ محدود ہوسکتا ہے۔
امریکی معیشت کی تیسری سہ ماہی میں توقع سے زیادہ تیز نمو اور اکتوبر میں افراط زر میں اضافے نے آئندہ ماہ اور 2027 کے آغاز میں فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود بڑھانے کے امکانات کو تقویت دی ہے۔
دریں اثنا، چاندی 4.6 فیصد اضافے سے 43.40 ڈالر، پلاٹینم 2.6 فیصد بڑھ کر 1,323.78 ڈالر اور پیلیڈیم 3.3 فیصد اضافے سے 901.50 ڈالر فی اونس ہوگیا۔








