بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم ن لیگ باقی سب کچھ پیپلزپارٹی لے اڑی

اسلام آباد(طارق محمود سمیر)پیپلزپارٹی اورن لیگ کے درمیان مخلوط حکومت کاجوفارمولہ طے پایاہے وہ ایسے ہی ہے کہ وزیراعظم تمہاراباقی سب کچھ ہمارا،اس سے اندازہ ہوتاہے کہ یہ حکومت قیام سے پہلے ہی وسوسوں کاشکارہوگئی ہے ،سپیکراورچیئرمین سینیٹ کے حوالے سے باقاعدہ اعلان تونہیں کیاگیالیکن ن لیگ یہ دعوی کررہی ہے کہ سپیکران   کاہوگااورچیئرمین سینیٹ پیپلزپارٹی کا ،جبکہ پیپلزپارٹی یہ تاثردے رہی ہے کہ یہ دونوں عہدے ہمارے ہوں گے ،اسی لئے اس کااعلان نہیں ہوسکا،اس پرمزیدمذاکرات ہوںگے۔ن لیگ کی مذاکراتی کمیٹی میں خواجہ آصف ،احسن اقبال اورراناتنویرجیسے سینئررہنمائوں کوشامل نہیں کیاگیا جبکہ پیپلزپارٹی نے یوسف رضاگیلانی ،راجہ پرویزاشرف ،رضاربانی کواس معاملے میں کوئی لفٹ نہیں کرائی، مرادعلی شاہ نے مذاکرات کوکامیاب بنانے میں اہم کرداراداکیا جبکہ ن لیگ میں نوجوان ملک احمدخان کاکرداربھی بہت اہم رہا۔ قبل ازیں شراکت اقتدارفارمولہ طے کرنے کیلئے میاں شہبازشریف ہنگامی طور پر لاہور سے اسلام آباد آئے ۔ دوسری جانبملک میں آٹھ فروری کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی بازگشت سینیٹ تک پہنچ گئی ہے،تحریک انصاف کے ارکان ہویا دیگرجماعتوں کے ،سبھی الیکشن کے نظام پر تحفظات کا اظہار کررہے ہیں، ن لیگ کے سینیٹر مشاہدحسین سید نے تو دو قدم آگے بڑھ کر بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور دیگرسیاسی قیدیوں کی رہائی کو مطالبہ کردیاجب کہ عرفان صدیقی نے بھی ایک اہم سوال اٹھادیاہے کہ خیبرپختونخوا میں انتخابات امام کعبہ نے کرائے ہیں اور باقی ملک میں الیکشن کمیشن نے کرائے ہیں۔ سینیٹ کے اجلاس میں گرماگرم بحث ہوئی،تحریک انصاف کے ولیداقبال،بیرسٹرعلی ظفر،جماعت اسلامی کے مشتاق احمد نے الیکشن میں دھاندلی کے الزامات عائد کئے اور ن لیگ ،پیپلزپارٹی پر مینڈیٹ چوری کرنے کاالزام لگایااور ساتھ ہی یہ دعویٰ کیاکہ تحریک انصاف کے پاس دوتہائی اکثریت ہے اور وہ حکومت بنائے گی، خارجہ امور کے ماہر سینیٹر مشاہدحسین سید جو حال ہی میں ماسکو کے ایک کامیاب دورے سے واپس آئے ہیں اور وہ گزشتہ ایک سال سے مسلم لیگ ن کی پالیسیوں سے اختلاف تو کررہی تھے،اب انہوں نے اپنے خطاب میں نوازشریف کو ایک ایسامشورہ دے دیا جس پر عمل ہونانہ ممکن ہے،مشاہدحسین کی تجویزتھی کہ نوازشریف خود صدرپاکستان بن جائیں اور پیپلزپارٹی کو وزارت عظمیٰ دے دیں،ان کی اس تجویزکوپذیرائی اس لئے نہیں مل سکی کیونکہ اگر پیپلزپارٹی کو وزارت عظمیٰ مل رہی ہوتی تو شہبازشریف کا چانس کبھی بھی پیدا نہیں ہونا تھاکیونکہ اسٹیبلشمنٹ شہبازشریف کی سولہ ماہ کی حکومت کی کارکردگی سے خوش اور عوام ناراض ہیں ،مگراس کے باوجود شہبازشریف کو دوبارہ وزیراعظم بنانے کا فیصلہ ہوچکاہے،خواجہ سعد رفیق بھی یہ تجویز دے چکے کہ ن لیگ مرکز میں حکومت نہ لے مگربڑوں کا یہی فیصلہ ہے کہ شہبازشریف ہی وزیراعظم بنیں گے،مشاہدحسین سیدیہ بھی کہتے ہیں کہ عمران خان سمیت تحریک انصاف سمیت دیگرسیاسی قیدیوں کو رہاکیاجائے،عمران خان اور سیاسی قیدیوں کی رہائی مشاہدحسین کی تقریرسے تو نہیں ہوگی یہ سارے معاملات اب عدالتوں کے پاس ہیں،دوسری جانب ن لیگ کے سینئررہنماعرفان صدیقی نے سینیٹ میں ایک جامع خطاب کیااور مؤثر انداز میں تحریک انصاف کے الزامات کا جواب دیا،انہوں نے واضح کیا کہ 2018 میں دھاندلی کی گئی تھی اب اگر تحریک انصاف الزام لگاتی ہے تو پہلے 2018 کی دھاندلی کی مذمت کی جائے اور پھر آگے بڑھاجائے ، انہوں نے سوال اٹھایاکہ کیاخیبرپختونخوا میں الیکشن شفاف ہوئے ہیں وہاں امام کعبہ نے الیکشن کرائے ہیں جن کو تحریک انصاف درست کہہ رہی ہے اور باقی ملک میں الیکشن کمیشن نے کرائے ہیں؟یہ دوہرا معیارنہیں چل سکتا،آئندہ دو دن مخصوص نشستوں کے حوالے سے بہت اہم ہیں ،تحریک انصاف نے سنی اتحاد کونسل سے اتحاد کرکے مخصوص نشستیں حاصل کرنے کی درخواست جمع کرادی ہے ،اگر آئین اور قانون کو دیکھاجائے تو اس معاملے میں پی ٹی آئی کو ریلیف ملنے کے امکانات کم ہیں،قانون کیمطابق مخصوص نشستیں اسی جماعت کو مل سکتی ہیں جو فہرستیں الیکشن شیڈول کے وقت جمع کرائے اور کاغذات کی جانچ پڑتال بھی ہوچکی ہو۔لگتا ہے کہ یہ معاملہ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں جائے گا اور دیگرجماعتوں کو مخصوص نشستیں دے دی جائیں گی اور تحریک انصاف کے کوٹے کی نشستوں پر فیصلہ زیرالتورہے گا۔