اسلام آباد (ممتاز رپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم شہبازشریف کا چینی وزیراعظم لی کیانگ کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں وزرائے اعظم نے اتفاق کیا کہ پاکستان اور چین کی اسٹریٹجک پارٹنر شپ کونقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ دونوں وزرائے اعظم نے دوطرفہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اوراتفاق کیا کہ پاک چین شراکت داری کو عوامی مفادات کے ساتھ امن و استحکام کےلیے جاری رکھنا چاہیے،دو طرفہ تعاون کو مزید بلندیوں تک لے جانے کے لیے رابطے بڑھائیں گے۔ وزیراعظم نے جامعہ کراچی حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پراظہارافسوس بھی کیا اوردہشتگردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاک چینی شہریوں کے اہلخانہ سے ہمدردی کااظہارکیا۔شہباز شریف نے کہا کہ مجرمانہ فعل کی مکمل تحقیقات کر کے مرتکب افراد کو کٹہرے میں لائیں گے،پاکستان میں کام کرنے والے تمام چینی شہریوں کے تحفظ اور سلامتی کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔ حکومت پاکستان چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گی۔وزیراعظم نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی ترقی کے لیے چین کی بھرپور حمایت پراظہارتشکرکرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے تحت جاری اور نئے منصوبوں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھائیں گے،سی پیک کی وجہ سے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز کو جلد از جلد مکمل فعال کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے،خصوصی اقتصادی زونز قائم کرنے میں کردار ادا کرنے والے چینی حکام کے تجربے سے سیکھنا چاہتے ہیں،دونوں ممالک کے لیے اسٹریٹجک اہمیت کے حامل منصوبوں بالخصوص ایم ایل ون پرکام کرینگے۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق وزیراعظم لی کی کیانگ نے پاکستانی ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کہاکہ چین 26 اپریل کو جامعہ کراچی کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے پراپنے تین باشندوں کی ہلاکت پر صدمے کی حالت میں ہے۔انہوں نے امیدظاہر کی کہ پاکستان جتنا جلد ممکن ہوا اس حملے میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لائے گااور اپنی سرزمین پر موجود چینی اداروں اور عملے کے لئے جامع سکیورٹی یقینی بنائے گا تاکہ کراچی حملے جیسے سانحات دوبارہ رونما نہ ہوں۔لی کی کیانک نے کہاکہ چین اور پاکستان قریبی ہمسائے اور دوست ملک ہیں ،چین نے اپنی ہمسائیگی کی سفارت کاری میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کو ہمیشہ ترجیح دی ہے ، ہم سلامتی اورقومی خودمختاری کے تحفظ کے لئے ہمیشہ پاکستان کی مکمل حمایت کریں گے اور پاکستان کی معاشی ترقی ،لوگوں کے روزگارکی بہتری اور مالیاتی استحکام کےلئے تعاون کریں گے۔لی کی کیانک نے کہاکہ چین پاکستان کے ساتھ سٹرٹیجک کمیونیکیشن کو مضبو بنانے ،چین پاکستان اقتصادی راہداری اور دوسرے اہم منصوبوں کے فروغ کا خواہا ں ہے۔
پاکستان کے معاشی و مالی استحکام کیلئے تعاون کریں گے،چینی وزیراعظم کی شہبازشریف کویقین دہانی








