اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کاروبار کے لئے سازگار ماحول مہیاء کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ندیم رئوف کی قیادت میں وفد کی ملاقات ہوئی ۔اس موقع پر راولپنڈی چیمبر کے صدر ندیم رؤف نے وفاقی وزیر اطلاعات کو چیمبر کی جاری سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔راولپنڈی چیمبر کے صدر نے کہا کہ جیمز اینڈ جیولری نمائش میں پچاس سے زائد سٹال لگائے جائیں گے۔ندیم رؤف نے یہ بھی کہا کہ نمائش میں ملک بھر سے نمائش کنندگان شرکت کر رہے ہیں جبکہ نمائش کے موقع پر کانفرنس اور بی ٹو بی ملاقاتوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ راولپنڈی چیمبر کے صدر ندیم رؤف نے مزید کہا کہ نمائش کا مقصد ایس ایم ای شعبے کو ترقی دینا اور قیمتی پتھروں کے کاروبار کو فروغ دینے کیلئے مقامی تاجروں اور صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ کاروبار کے لئے سازگار ماحول مہیاء کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، ملکی معیشت کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، معیشت میں تاجر برادری کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ معیشت کی بحالی کے لئے نجی شعبے اور چیمبر آف کامرس کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ راولپنڈی چیمبر کے زیر اہتمام جیمز، جیولری اور فیشن نمائش کا انعقاد خوش آئند ہے۔ملاقات میں راولپنڈی چیمبر کے گروپ لیڈر سہیل الطاف، سمال چیمبر کے صدر شیخ آصف ادریس اور چیمبر ممبر اکرام عباسی موجود تھے۔
کاروبار کے لئے سازگار ماحول مہیاء کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، مریم اورنگزیب








