تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ صدارتی انتخاب میں آدھے سے زائد ووٹر اہل ہی نہیں ، مخصوص نشستیں جیت کرآنے والے بھی ووٹ کے اہل نہیں۔
صدارتی الیکشن سے قبل پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فیصل جاوید کے علاوہ تحریک انصاف کے سینیٹر علی ظفر نے بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ متنازع انتخابات ہیں تاہم احتجاجی ووٹ کاسٹ کرینگے، ہم نے جمہوری عمل کے تحت الیکشن میں حصہ لینا ہے۔
انھوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ اور سندھ ہائیکورٹ میں کیس فائل ہیں اور پشاورہائیکورٹ کا حکم امتناع موجود ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلوں کے باعث عام انتخابات اور اب صدارتی انتخاب متنازع ہوئے، جب تک مخصوص نشستوں کا فیصلہ نہیں ہوتا ، انتخابات متنازع تصور ہونگے۔
عامر ڈوگر
عامر ڈوگر نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مینڈیٹ چوری کر کے آئے ہیں، کرپٹ عناصرِ کا بادشاہ آصف زرداری اس ملک پر مسلط کیا جارہا۔
انھوں نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن جانبدار ادارہ ہے، الیکشن کمیشن ایک سیمنٹ کی دیوار ہے، صدارتی الیکشن میں حق پرست محمود خان اچکزائی کو ووٹ دینگے۔









