اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل نےبیرونی سازش کی ایک اور اہم شرط بتادی۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شہباز گل کا کہنا ہے کہ بیرونی سازش میں ایک شرط شامل تھی اور وہ یہ تھی کہ پاکستان کی معیشت کو تباہ کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معیشت تباہ ہونے کے بعد پھر پاکستان کے دفاع کو کمزور کیا جائے اور اسے ایک پراکسی اسٹیٹ بنا کر رکھا جائے۔
ڈالر 200 سے چار روپے دور۔ تجربہ کار ٹیم کے دو دن کا کام ہے ڈالر کو 200 پر پہنچانا۔
بیرونی سازش میں ایک شرط شامل تھی اور وہ تھی پاکستان کی معیشت کو تباہ کرنا تا کہ پھر پاکستان کے دفاع کو کمزور کیا جا سکے اور اسے ایک پراکسی سٹیٹ بنا کر رکھا جائے۔
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) May 17, 2022
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈالر 200 سے چار روپے دور ہے، تجربے کار ٹیم کے دو دن کا کام ہے ڈالر 200 پر پہنچ جائے گا۔
خیال رہے کہ پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں ’امر بالمعروف‘ جلسے سے خطاب میں عمران خان نے بیرونی سازش کا انکشاف کرتے ہوئے عوام کے سامنے ایک خط لہرایا تھا۔
عمران خان نے جیب سے خط نکال کر لہراتے ہوئے کہا تھا کہ قوم کے سامنے پاکستان کی آزادی کا مقدمہ رکھ رہا ہوں، الزام نہیں لگارہا ہوں، میرےپاس ثبوت کے طور پر خط موجود ہے، بہت سی باتیں ہیں، بہت جلد اور مناسب وقت پر سامنے لائی جائیں گی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان نے کہا تھا کہ لندن میں بیٹھ کر ایک شخص نے بیرون ملک کے ساتھ مل کر سازش کی، سازش میں شہباز شریف اور زرداری بھی ملوث ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ہمیں تحریری دھمکیاں دی گئی ہیں، میرے پاس خط ثبوت کے طور پر موجود ہے۔









