بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

’’نئی کابینہ میں 3 نئے چہرے،زیادہ ترپرانے سیاستدان‘‘

اسلام آباد(طارق محمود سمیر)19رکنی وفاقی کابینہ کے حلف اٹھانے کے بعد حکومت کی تشکیل کا مرحلہ مکمل ہوگیاہے، نئی کابینہ میں زیادہ ترپرانے چہرے اور تجربہ کار سیاست دان شامل کئے گئے ہیں تاہم وزارت خزانہ،اطلاعات اور داخلہ کے محکمے نئے چہروں کو دیئے گئے ہیں ، وزیراعظم شہبازشریف کی کابینہ کیلئے ملکی مسائل میں سب سے بڑے تین چیلنجزموجود ہیں جن میں سب سے بڑا چیلنج ملکی معیشت کی بحالی،ڈالرکوکنٹرول کرنا،مہنگائی میںکمی لانااور آئی ایم ایف کے ساتھ ایک ایسا معاہدہ کرنا ہے جس کے ذریعے نہ صرف معیشت صحیح راستے پر چل پڑے بلکہ مہنگائی میں بھی کمی آئے، دوسرابڑا مسئلہ دہشت گردی کوکنٹرول کرنا بالخصوص خیبرپختونخوااور بلوچستان میں حالات کوبہتربنانا ہے ،ان دونوں صوبوں میں ایک پڑوسی ملک میں بیٹھے ہوئے کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کی مداخلت سے جو مسائل درپیش ہیںاس معاملے میں سکیورٹی اداروں کے علاوہ نئے وزیرخارجہ اسحاق ڈار کے لئے بھی بڑے چیلنجزموجود ہیں۔ تیسرا بڑا مسئلہ اور چیلنج ملک میں سیاسی استحکام لاناہے کیونکہ اپوزیشن جماعت تحریک انصاف کے بانی چیئرمین جیل میں ہیں ،ان پر مختلف مقدمات درج ہیں،کئی مقدمات میں انہیں سزائیں ہوچکی ہیں،اپوزیشن نے آٹھ فروری کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات عائدکرنے کے باوجود صدر،وزیراعظم ،سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے الیکشن میں حصہ لے کر جمہوری عمل کو پروان چڑھایا ہے،ضرورت اس امرکی ہے کہ صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف کوئی ایسالائحہ عمل بنائیں جس کے نتیجے میں نہ صرف تحریک انصاف کی شکایات کا ازالہ ممکن ہو بلکہ اس کے نتیجے میں سیاسی استحکام آئے،سیاسی استحکام سے ہی پاکستان آگے بڑھے گا ،وفاقی کابینہ میں محمداورنگزیب کو وزارت خزانہ دی گئی ہے، یہ ایک نجی بینک کے سی ای او کے عہدے پر تعینات تھے تین کروڑ ماہانہ تنخواہ اور مراعات حاصل کررہے تھے،اسٹیبلشمنٹ کو بھی ان کے آئیڈیاز بہت پسند آئے ، اسحاق ڈار نے وزارت خزانہ حاصل کرنے کی بہت کوشش کی تاہم پی ڈی ایم حکومت کے دور میں ان سے بہت غلطیاں ہوئیں اور ان کی غلط حکمت عملی کی وجہ سے آئی ایم ایف سے معاہدے میں تاخیرہوئی جس پر اسٹیبلشمنٹ ان سے ناراض ہوئی۔نوازشریف خواہش اورکوشش کے باوجود انہیں وزارت خزانہ دلانے میں ناکام رہے ،جہاں تک محمداورنگزیب کا تعلق ہے وہ ن لیگ کے قائد نوازشریف کے ایک قریبی ساتھی سابق اٹارنی جنرل چودھری محمد فاروق مرحوم کے بیٹے ہیں،چودھری فاروق کی ایک بہو عائشہ رضا سینیٹر اور وزیراعظم کی مشیر رہ چکی ہیں اور وہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بھی بہت قریب سمجھی جاتی ہیں، محمداورنگزیب چودھری فاروق کے بھائی اور سابق جج خلیل الرحمان رمدے کے داماد ہیں، انہیں جلدسینیٹر بھی بنایاجائے گا۔ نئے چہروں میں عطاتارڑوزیراطلاعات ونشریات بنایاگیاہے وہ سابق صدرمملکت رفیق تارڑمرحوم کے پوتے ہیں اور مسلم لیگ( ن)کی میڈیاٹیم کے اہم رکن کے طور پر پارٹی پالیسیوں اور پارٹی قیادت کا دفاع کرتے رہے ہیں، پی ڈی ایم حکومت کے دوران وہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے داخلہ رہے، توشہ خانہ ہویاسائفرکیس عطاتارڑنے میڈیامیں آکر بھرپورطریقے ن لیگ کا موقف بیان کیا، مریم اورنگزیب کے پنجاب میں جانے کے بعد یہ بات واضح ہوگئی تھی کہ نئے وزیراطلاعات عطاتارڑہی ہوں گے ،انہوں بھی بڑے چیلنجزکاسامنا ہے پی ٹی وی ہویا ریڈیووہاں بہت سے مسائل ہیں۔پی ٹی وی میں حال ہی میں نگران وزیراطلاعات اور پی ڈی پی ٹی وی نے جوکچھ کیااس کی کہانیاں زبان زد عام ہیں جن کی تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے ۔ محسن نقوی جو اسٹیبلشمنٹ کے بہت قریب سمجھے جاتے ہیں اور اس میں حقیقت بھی ہے جب آرمی چیف سیدعاصم منیر نے اپناعہدہ سنبھالااورعمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گئے توان کے وفد میں محسن نقوی بھی شامل تھے اور اس کی ویڈیووائرل بھی ہوئی تھی اور بعدازاں جب پرویزالٰہی نے پنجاب اسمبلی توڑی تو محسن نقوی کو نگران وزیراعلیٰ بنایاگیااور وہ ایک سال سے زائد عرصے تک عہدے پر فائزرہے ،انہیں محسن سپیڈکا خطاب بھی دیاگیاانہیں وزارت داخلہ دینا صدرآصف زرداری،وزیراعظم شہبازشریف اور اسٹیبلشمنٹ کا مشترکہ فیصلہ ہے اور وہ وزارت داخلہ کاچارج سنبھالتے ہی ایف آئی اے میں پنجاب پولیس کے بعض سینئرافسران کو تعینات کرائیں گے۔ایم کیوایم کو بہت کم اہمیت دی گئی ہے اور بائیس نشستوں والی پارٹی کو صرف ایک وفاقی وزیرخالدمقبول صدیقی کی صورت میں ملاہے حالانکہ تین نشستوں والی جماعت علیم خان اور پانچ نشستوں والی جماعت کے چودھری سالک کو بھی وزارت دی گئی ہے،ایم کیوایم کوکم ازکم تین وزارتیں ضرورملنی چاہیے تھیں،کابینہ میں راولپنڈی ڈویژن مکمل نظراندازہوا،طارق فضل یا حنیف عباسی میں سے کوئی بھی وزیرنہیں بنا۔