اسلام آباد(ممتازنیوز)مسلم لیگ(ن) کے سینیٹرعرفان صدیقی نے کہاہے کہ دھاندلی کے الزامات پی ٹی آئی کا وتیرہ ہے،پیپلزپارٹی کوکابینہ میں شامل کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں، مولانافضل الرحمان ہمارے ساتھ سجتے ہیںتوقع ہے جلدہمارے ساتھ ہوں گے،مریم نوازنے اپنے آپ کومنوایا، آئندہ الیکشن میں شہبازشریف اور مریم نواز کی کارکردگی ہمارا اثاثہ بنے گی،نگران حکومتوں کا خاتمہ ہوناچاہئے۔ نجی ٹی وی کوانٹرویومیں عرفان صدیقی نے کہاکہ پی ٹی آئی کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کوئی نئی بات نہیں ،یہ ان کا وتیرہ رہاہے جہاں جیت گئے وہاں انتخابات شفاف، منصفانہ اور آزادانہ ہیں اور
جہاں ہارگئے وہاں دھاندلی ہوئی ہے،باقی جگہ اگر الیکشن کمیشن نے انتخابات کرائے ہیں تو کیا خیبرپختونخوا میں امام کعبہ یا امام ابوحنیفہ ؒ نے کرائے ہیں؟انہوں نے 2013 میں بھی یہی کچھ کیاتھا,35 پنکچرزسے شروع ہوئے اورچارحلقوں تک پہنچے اور پھر جب چارحلقوں میں دوبارہ الیکشن ہوئے تو ہارگئے اور 35 پنکچرزکے حوالے سے کہاکہ یہ سیاسی بیان تھا ۔انہوں نے کہاکہ1018 میں واضح دھاندلی ہوئی تھی ،آرٹی ایس بٹھادیاگیا جنہوں نےایسا کیاوہ دھاندلی کااعتراف بھی کرتے ہیں ،ہم نے دھاندلی پر آواز ضروراٹھائی لیکن اسمبلیوں میں آئے، اپوزیشن میں بیٹھے اور اپناکرداراداکیا لیکن پی ٹی آئی کا طرز عمل جمہوری نہیں یہ پارلیمنٹ میں سیکرٹ پیتے ہیں ،نعرے لگاتے ہیںاور آوازیں کستے ہیں یہ عجیب وغریب رویہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ دراصل عمران خان کا سرے سے کوئی طرز سیاست ہی نہیں ہے ، ان کی سیاست دنگا فساد ،تصام ،مارکٹائی، الزام ، گالم گلوچ ہے ،پی ٹی آئی کو قائم ہوئے 26سال ہو چکے ہیں ان کے نامہ اعمال میں کوئی ایک ایسا واقعہ نہیں ہے جس سے ثابت ہو کہ یہ لوگ مفاہمت ، افہام وتفہیم یاسیاسی مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں اس کے برعکس ان کے نامہ اعمال میں دھرنے ، فساد، لڑائیاں ، لانگ مارچ ہیں اور پھر 9مئی تو انتہا ہے جو بغاوت کے زمرے میں آتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ جمہوری پارلیمانی سیاست میں پی ٹی آئی کے کردار نے 77سال کی سیاست کو بدل کررکھ دیا ،سوائے نظام کو غیر مستحکم کرنے کے ان کا کوئی کردار نہیں ہے۔پارٹی منشور پر عملدرآمد سے متعلق عرفان صدیقی نے کہا کہ شہبازشریف ایک اچھے منتظم اورمحنتی ہیں ،جس چیز کی دھن ان کے ذہن میں سمو جاتی ہے وہ کر کے دکھاتے ہیں ، توقع ہے کہ اتحادی جماعتوں کے تعاون سے وہ اچھی کارکردگی دکھائیں گے ، ہم نے منشور میں نیب کے خاتمے، آرٹیکل 62/63کی اصل حالت میں بحالی اور بلدیاتی اداروں کوآئینی تحفظ دینے کی بات کی ہے، ۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کا کوئی جواز نہیں، یہ کھیل دنیا میں کہیں نہیں ہے ،سیٹنگ گورنمنٹ کوہی نگران حکومت کی شکل میں لے آنا چاہئے اس معاملے پر سنجیدہ بحث شروع ہوگئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف چاہے مرکز میں رہے ہوں یا پنجاب میں ،بدعنوانی اور کرپشن ان کےلئے ناقابل برداشت ہے ،پی ٹی وی سکینڈل کی وزارت اطلاعات کو تحقیقات کرانی چاہئیں ، یہ معاملہ سینیٹ کی متعلقہ کمیٹی میں بھی اٹھائوں گا۔انہوں نے کہاکہ سینیٹ کے چیئرمین کےلئے پیپلزپارٹی کے امیدوار کو ووٹ دیں گے کیونکہ وہ ہمارے اتحادی ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ پیپلزپارٹی اور مولانا فضل الرحمان بھی کابینہ کا حصہ بنیں، اس سلسلے میں نوازشریف کی آصف زرداری سے بات ہوئی ہے ، مولانا ہمارے ساتھ اور ہم مولانا کے ساتھ ہی سجتے ہیںامید ہےکہ جلدہمارے ساتھ ہوں گے۔نوازشریف کے پارٹی صدربننے سے متعلق عرفان صدیقی نے کہا کہ اگرچہ یہ موضوع ابھی باضابطہ طورپر زیر بحث نہیں آیا تاہم اس حوالے سے ایک رائے موجود ہے ،پارٹی میں ایک حلقہ شدت سے چاہتا ہے کہ نوازشریف پارٹی کی صدارت سنبھالیں تاہم نوازشریف کی اس حوالےسے اپنی صوابدید بھی ہوگی ، عید کے بعد ہی اس پر کوئی پیشرفت ممکن ہے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ ایک حقیت ہے کہ اس وقت ملک میں نوازشریف کے قدکاٹھ کا کوئی سیاست دان نہیں ہے،وہ مسلم لیگ ن کا نہیں پاکستان کا اثاثہ ہیں،اگر ان کے کردار کم کرنے کی کوشش کریں گے تو ملک کا نقصان ہوگا۔ پنجاب حکومت کے حوالے سے عرفان صدیقی نے کہاکہ مریم نوازکا سیاست میں کردار بہت جرات مندانہ ہے،لوگ توکہتے ہیں کہ وہ نوازشریف کی بیٹی ہے لیکن درحقیقت انہوںنے یہاں تک پہنچنے کے لیے راستہ طے کیااور اس راستےمیں کوئی مخمل نہیں بچھا تھاوہ گرفتارہوئیں،جیلوں میں گئیں، پارٹی کو منظم کیا،الیکشن مہم چلائی اور اس نے اپنے آپ کو منوایا ،پورا یقین ہے کہ مریم کا دورنہ صرف پنجاب میں یادرکھاجائے گا بلکہ مسلم لیگ ن کو ایک نئی قوت دے گا،آئندہ الیکشن میں شہبازشریف اور مریم نواز کی کارکردگی ہمارا اثاثہ بنے گی۔
پی پی کوکابینہ میں شامل کرنےکی کوششیں جاری،پی ٹی وی سکینڈل سینیٹ کمیٹی میں اٹھاوںگا،عرفان صدیقی








