بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسمبلی میں PPکاکردار،حکمراں اتحاد کے مستقبل پرسوالات

اسلام آباد (طارق محمود سمیر)قومی اسمبلی میں نگران حکومت کے دور میں منظور کئے گئے 7آرڈیننس کی مدت میں توسیع کے معاملے پر پیپلزپارٹی نے ایوان میں جو کردار ادا کیا اس کے بعد (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کے مضبوط اتحادی کے طور پر برقرار رہنے پر کئی سوالات کھڑے ہو گئے ہیں ۔پیپلزپارٹی کے دو اہم رہنمائوں نے آرڈیننس کی مدت میں توسیع کرنے سے متعلق سنی اتحاد کونسل کے موقف کی تائید کر کے اپوزیشن سے خوب داد وصول کی تاہم جب آرڈیننس پیش کرنے کے لیے ووٹنگ کا مرحلہ آیا توپیپلزپارٹی کے ارکان نے حکومت کے حق میں ووٹ دیا اور بل پر حکومت کو130 اور اپوزیشن کو 63 ووٹ ملے ۔ وزیراعظم شہبازشریف کی مخلوط حکومت کو قائم ہوئے ابھی چند روز ہی گزرے لیکن پہلے چند دنوں میں ہی اختلافات کھل کر سامنے آگئے ۔ چیئرمین ارسا کی تقرری کے معاملے پر وزیراعظم شہبازشریف کو بیک فٹ پر جانا پڑا اور ظفر محمود کی بطور چیئرمین ارسا کا فیصلہ واپس لینا پڑا۔ لگتا ہے وزیراعظم شہبازشریف سے سمری منظور کراتے وقت انہیں صحیح حقائق نہیں بیان کئے گئے تھے اور نہ ہی پرنسپل سیکرٹری نے پیپلزپارٹی کے تحفظات سے متعلق وزیراعظم کو بریف کیا۔ حالانکہ دیکھا جائے تو ماضی کے دو پرنسپل سیکرٹریز فواد حسن فواد اور ڈاکٹر توقیر شاہ وزیراعظم کو کوئی بھی سمری منظور کرانے سے قبل بریفنگ دیکر تمام حقائق بیان کرتے تھے اوراس دور میں کسی بھی سمری کی منظوری پر کوئی بڑا تنازع کھڑا نہیں ہوا ۔ ایوان میں آرڈیننسز پیش کرنا اس لیے بھی ضروری تھا کیونکہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور یہ آرڈیننس نگران حکومت نے آئی ایم ایف سے مشاورت کے بعد جاری کئے تھے ہاں اگر پیپلزپارٹی کے اعتراضات میں کوئی وزن ہے تو انہیں چاہئے تھا کہ آرڈیننس پیش ہونے سے قبل ہی وزیر قانون سے ملاقات کر کے اپنے تحفظات پیش کر دیتے لیکن ایوان کے اندر سید خورشید احمد شاہ اور نوید قمر کی طرف سے سنی اتحاد کونسل کے موقف کو درست قرار دینا یہ سوال اٹھاتا ہے کہ پیپلزپارٹی ایک طرف تو تمام آئینی عہدے لے چکی ہے ، وزارتیں نہیں لے رہی اور روزانہ کی بنیاد پر (ن) لیگ پر یہ تلوار لٹکتی رہے گی کہ آج یا کل پیپلزپارٹی کا کیا کردار ہو گا ، اس حوالے سے ضرورت اس امر کی ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف آئندہ ہفتے صدر مملکت آصف علی زرداری کیساتھ ملاقات کریں اور ان سے اس طرح کے امور کا مستقبل میں تدارک کرنے کا طریقہ کار طے کیا جائے ۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف اور وزیراعظم شہبازشریف نے سینیٹ کے لیے جن ٹکٹوں کا اعلان کیا ان میں وزیرخارجہ اسحق ڈار اسلام آباد سے جبکہ پنجاب کی جنرل نشستوں کے لیے سابق وزیر اطلاعات و نشریات اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے استاد پرویز رشید کو ٹکٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ اس کے علاوہ سابق وفاقی وزیر طلال چوہدری اور (ن) لیگ راولپنڈی کے اہم رہنما میاں نوازشریف کے قریبی ساتھی ناصر بٹ کو بھی سینیٹ کا ٹکٹ جاری کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ پنجاب سے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احد چیمہ کو بھی (ن) لیگ کی طرف سے سینیٹ کا ٹکٹ دیا جارہاہے ۔ ان 6 ٹکٹس کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات واضح ہوتی ہے کہ پرویز رشید ، طلال چوہدری اور ناصر بٹ کے ٹکٹ میاں نوازشریف کی مرضی اور ان پارٹی رہنمائوں کی قربانیوں کے اعتراف میں دیئے گئے ہیں ۔ مریم نوازنے بھی انہی تینوں رہنمائوں کو ٹکٹ دینے کی سفارش کی تھی ۔ طلال چوہدری نے 5سال نااہلی کاٹی ، پرویز رشید نے ڈان لیگ سکینڈل میں وزارت کھوئی اور 2021میں پنجاب ہائوس کا ڈیفالٹر قرار دیکر انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں دی گئی ، انہیں ایک اور بات کا بھی کریڈٹ جاتا ہے کہ مریم نوازکی سیاسی تربیت اور انہیں عوام میں مقبول بنانے میں پرویز رشید کا مرکزی کردار ہے اور اسی وجہ سے مریم نواز انہیں اپنا استاد قرار دیتی ہیں جبکہ طلال چوہدری کو عدلیہ کے خلاف بیان دینے پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے نااہل قرار دے دیا تھا اور 8فروری کے الیکشن میں نواب شیر وسیر کی وجہ سے انہیں پارٹی ٹکٹ نہیں دیا گیا تھا جبکہ ناصر بٹ جو میاں نوازشریف کے بہت قریبی سمجھے جاتے ہیں نے پانامہ کیس میں نوازشریف کو سزا سنانے والے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک مرحوم کی ایک ویڈیو بنائی تھی جس کے منظر عام پر آنے کے بعد کیس کافی کمزور ہوا اور (ن) لیگ کو بیانہ بنانے میں آسانی ہوئی ۔ ناصر بٹ کے خلاف کئی مقدمات بھی بنائے گئے ، ان کے ایک بھتیجے حمزہ بٹ کو ایف آئی اے نے گرفتار رکھا اور نوازشریف انہیں 8فروری کے الیکشن میں راولپنڈی سے ٹکٹ دینا چاہتے تھے لیکن حنیف عباسی اور چوہدری تنویر نے ناصر بٹ کو ٹکٹ دینے کی مخالفت کی جس پر آج انہیں پارٹی کے لیے قربانیاں دینے پر سینیٹ کا ٹکٹ جاری کر دیا گیا ۔