بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی نے شہداءکا ہمیشہ مذاق اڑایا ،ان شر پسند عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ،وزیراطلاعات

اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیراطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے میر علی میں دہشت گردوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل کاشف اور کیپٹن محمد احمد بدر سمیت سات شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔
اپنے ایک بیان میں وزیراطلاعات نے میر علی کے شہداءکے خلاف پی ٹی آئی سے منسلک اکاؤنٹس سے غلیظ مہم پر شدید ردعمل اور شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے زمین پر جبکہ پی ٹی آئی حامیوں نے سوشل میڈیا کے محاذ پر حملہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی 2023 کو ریاستی اداروں، شہداءکی یادگاروں پر حملے ہوں یا 9 اگست 2022 کو سانحہ لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادتیں ہوں، پی ٹی آئی نے شہداءکا ہمیشہ مذاق اڑایا ،پوری قوم اپنے شہداءکو سلام پیش کرتی ہے، اُن کی قربانیوں کے قرض کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی ۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہداءکی وارث ہے، ان کی توہین کرنے والوں کے لئے قوم کے دل میں کوئی گنجائش ہے نہ قانون میں ،ہم شہداءکی عزت ووقار اور ان کی ناموس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ شہداءاور قومی اداروں کے خلاف گھٹیا مہم چلانے سے صاف پتہ چل جاتا ہے کہ پی ٹی آئی غیرملکی چندے پر کیوں پل اور چل رہی ہے،یہ ہر وہ کام کرتے ہیں جس سے پاکستان کے دشمن اور دہشت گرد خوش ہوں،آئی ایم ایف کے دفتر کے باہر مظاہرہ کرکے انہوں نے پاکستان کے معاشی محاذ پر حملہ کیا ۔
آج قوم کے بیٹوں کی شہادتوں پر توہین آمیز اور قابل مذمت رویہ اپنا کر دہشت گردی کے محاذ پر دہشت گردوں کا ساتھ دیا،ثابت ہوا کہ پی ٹی آئی کو پاکستان کے مفادات اور شہداء کی قربانیوں سے کوئی سروکار نہیں،ان شر پسند عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ،یہ نہ سیاسی جماعت ہے نہ ہی یہ سیاسی کارکن ہیں، یہ صرف فسادی اور لشکری ہیں۔