اسلام آباد(ممتازنیوز)مسلم لیگ(ن) نے طاقتورخاتون کو پہلے صوبائی،پھرقومی اسمبلی اور اب سینیٹ کا ٹکٹ جاری کردیا،کارکنوں کی طرف سے تحفظات کااظہار۔ذرائع کے مطابق بشریٰ انجم بٹ کو سینیٹ میں ٹیکنوکریٹ کی نشست کا ٹکٹ دیاگیا اور انہوں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں، بشریٰ انجم وزیراعظم شہبازشریف کے قریبی دوست خالدشاہین بٹ کی رشتہ دارہیں جو سینیٹ کے ممبر رہے ہیں اور حال ہی میں ان کی مدت ختم ہوئی ہے ،بشریٰ انجم بٹ اس سے پہلے مخصوص نشست پر ایم پی اے بنیں،پھر پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ سنی اتحادکونسل کی مخصوص نشستوںکی صورت میں اضافی نشستیں ملنے پر ن لیگ کی طرف سے بشریٰ انجم بٹ کوقومی اسمبلی کا ٹکٹ دیاگیااور اب انہیں سینیٹ کے لیے ٹکٹ جاری کردیاگیاہے، ایک ہی خاتون کو پہلے صوبائی ،پھرقومی اسمبلی اور اب سینیٹ کا ٹکٹ جاری کرنے پر پارٹی کارکنوں نے بھی سوالات اٹھائے اور اس حوالے سے اپنے شدیدتحفظات کا اظہار کیا، ’’روزنامہ ممتاز‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے خالدشاہین بٹ نےتصدیق کی کہ بشریٰ انجم ان کی رشتہ دار ہیںجو پہلے ایم پی اے رہیں اور پھر انہیں قومی اسمبلی کا ٹکٹ ملا تاہم انہوں نے کہاکہ بشریٰ کواب سینیٹ کے لیے ٹکٹ جاری ہوناخالصتاً پارٹی کافیصلہ ہے اس میں سفارش کا کوئی عمل دخل نہیں، ادھرانوشہ رحمان نے بھی ن لیگ کی طرف سے سینیٹ کے لیے پنجاب سے مخصوص نشست پر کاغذات نامزدگی داخل کرادیئے ہیں،وہ ن لیگ کے سابقہ دورحکومت میں آئی ٹی کی وزیررہیں جب کہ 8 فروری کے انتخابات کے بعد وزیراعظم شہبازشریف کی کابینہ میں بھی ان کا شمولیت کی خبریں زیرگردش رہیں، انوشہ رحمان 2018 کے انتخابات کے بعد کچھ عرصہ غیرمتحرک رہیں لیکن پھر انہیں لاہور میں پارٹی سیکرٹریٹ میں ذمہ داری سونپ دی گئی تھی ۔








