اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری سے پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی۔اس موقع پرصدرآصف زرداری نے کہاکہ پاکستان اور امریکہ کے مابین تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات بڑھانے کی ضرورت ہے ، دونوں ممالک کو مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے مواقع تلاش کرنا ہوں گے، انہوں نے کہاکہ امریکی کاروباری اداروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری ، جدید کاروباری آئیڈیاز لانے کی حوصلہ افزائی کرنی جانی چاہیے، صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان امریکہ تعلقات سات دہائیوں پر محیط ، دیرینہ اور وسیع البنیاد ہیں ، پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان کی اولین ترجیح معیشت کو درست سمت پر گامزن کرنا ، اقتصادی اور سیکیورٹی چیلنجز پر قابو پانا ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے ، اس موقع پر امریکی سفیر نے کہاکہ پاکستان اور امریکہ تجارت ، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی، زراعت اور سیکورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھا سکتے ہیں، امریکی سفیر نے صدر مملکت کو دوسری مرتبہ عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
دوسری جانب امریکی سفیر نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی مالاقات کی۔ امریکی سفارت خانے کے مطابق ملاقات میں اقتصادی اصلاحات کے لیے حمایت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں علاقائی سلامتی، تجارت اور سرمایہ کاری میں ترقی کے امکانات پر بھی بات چیت ہوئی۔
امریکی سفیر نے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے امریکا کے عزم سے آگاہ کیا۔
امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خوشحالی اور سلامتی امریکا کی اولین ترجیح ہے۔








