اسلام آباد(ممتازنیوز) صدر آصف علی زرداری نے کہاہے کہ پاک جاپان تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے ، صدر آصف علی زرداری سے پاکستان میں جاپان کے سفیر مٹسوہیرو واڈا نے ملاقات کی،اس موقع پر صدرمملکت نے کہاکہ تجارت، سرمایہ کاری، معیشت، ثقافت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعلقات بڑھانا ہوں گے ، پاکستان اور جاپان کے مابین دوطرفہ تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے، پاکستان ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے ۔انہوں نے کہاکہ جاپانی کاروباری ادارے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرکے معاشی مواقع سے فائدہ اٹھائیں، پاکستان اور جاپان کے مابین دیرینہ تعلقات ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جاپان پاکستان کا کلیدی ترقیاتی پارٹنر رہا ہے ، جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے تحت مختلف شعبوں میں پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں معاونت کر رہا ہے، انہوں نے کہاکہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے ایک بڑا ملک ہے ، پاکستان تربیت یافتہ افرادی قوت بھیج کر جاپان کی انسانی وسائل کی ضروریات پوری کر سکتا ہے، جاپانی آٹوموبائل کمپنیاں پاکستان سے اپنی مصنوعات برآمد کرنے کیلئے پیداوار بڑھائیں، صدر مملکت نے کہاکہ جاپانی بینکوں کی پاکستان واپسی، کام شروع کرنے کیلئے حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے ، صدر مملکت نے پاکستان کے موجودہ سماجی و اقتصادی چیلنجز پر قابو پانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا،اس موقع پر جاپانی سفیرنے کہاکہ پاکستان ایک سٹریٹجک محل وقوع اور بہت بڑی آبادی کا حامل ملک ہے ،انہوں نے دونوں ممالک کے مابین موجودہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور دیا،انہوں نے کہاکہ پاکستانی آم کی جاپان کو برآمد ات میں اضافہ ہوا ہے، سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جاپان کا کامیاب دورہ کیا ،پاکستان کی نوجوان نسل ملک کو خوشحال بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، جاپانی سفیر نے صدر مملکت کو دوسری بار صدر بننے پر مبارکباد پیش کی جاپانی سفیر نے جاپانی شہنشاہ ناروہیٹو کی جانب سے تہنیتی پیغام بھی دیا بعد ازاں ، پاکستان میں یمن کے سفیر محمد مطہر الاشعبی نے صدر مملکت سے ملاقات کی اور انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد ی ،اس موقع پر صدر نے کہاکہ پاکستان -یمن تعلقات مذہب، ثقافت اور اقدار کے مشترکہ رشتوں پر مبنی ہیں، انہوں نے دونوں ممالک کا دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، صدر مملکت نے مبارکباد دینے پر یمن کے سفیر کا بھی شکریہ ادا کیا۔
پاک جاپان تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے،صدر زرداری








