بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

شکاگو میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل نے 84 ویں یوم پاکستان کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا اہتمام

‎‎شکاگو(انٹرنیشنل ڈیسک)شکاگو میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل نے 84 ویں یوم پاکستان کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا۔تقریب میں تقریباً 300 مہمانوں کے ایک بڑے اجتماع نے شرکت کی جن میں سینئر منتخب عہدیداران، وفاقی/ریاستوں کے حکام، قونصلر کور کے نمائندے، اور پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے ارکان شامل تھے۔امریکی رکن کانگریس جوناتھن جیکسن، جو کہ خارجہ امور سمیت کانگریس کی مختلف اہم کمیٹیوں کے رکن ہیں، اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔قونصل جنرل طارق کریم اور ان کی مسز عاصمہ طارق نے کانگریس مین جوناتھن جیکسن کے ہمراہ یوم
‎پاکستان کا کیک کاٹا۔‎قونصل جنرل طارق کریم نے اپنے خطاب میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان کو یوم پاکستان کے پرمسرت موقع پر مبارکباد دی۔ قونصل جنرل نے تحریک پاکستان کے رہنماؤں اور کارکنان کو ان کی پاکستان کے لیے بے شمار قربانیوں پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نےIIOJK‎کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا اور حق خودارادیت کے لیے ان کی منصفانہ اور جائز جدوجہد پر عالمی برادری کی توجہ بھی مبذول کرائی۔‎قونصل جنرل نے روشنی ڈالی کہ مختلف چیلنجوں کے باوجود پاکستان نے گزشتہ 76 سالوں میں متعدد محاذوں پر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے پاکستان کو ایک اہم کاروباری، سرمایہ کاری اور سیاحتی مقام کے طور پر اجاگر کیا۔انہوں نے تیزی سے ابھرتے ہوئے ٹیک ایکو سسٹم پر بھی روشنی ڈالی۔

‎قونصل جنرل نے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC)کے کردار کے بارے میں بھی بتایا جو
سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنا کرملک کے سرمایہ کاری کے منظر نامے کو تبدیل کر رہی ہے۔انہوں نے خواتین اور اقلیتوں کو بااختیار بنانے کے لیے پاکستان کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔‎قونصل جنرل نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ اور وسیع البنیاد تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔

‎قونصل جنرل طارق کریم نے اپنی اہم ترجیحات اور قونصلیٹ جنرل کی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ تجارت، سرمایہ کاری اور عوام کے درمیان رابطوں میں تیزی سے اضافے کے ساتھ امریکی مڈویسٹ کے خطے کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری بڑھ رہی ہے۔.انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی برآمدات میں اضافہ متاثر کن ہے اور پاکستانی مصنوعات مڈویسٹ کے مختلف اسٹورز پر دیکھی جا سکتی ہیں۔

‎انہوں نے امریکہ کے وسط مغربی خطے سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حالیہ بہاؤ خصوصاً آئی ٹی، پنک راک سالٹ انڈسٹری، صحت کی دیکھ بھال، توانائی اور زراعت کے شعبوں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں وسکونسن میں قائم ایم ایس سی آئی اور پی ایم ڈی سی کے درمیان پاکستان میں پنک سالٹ انڈسٹری کو فروغ دینے کے لیے جوائنٹ وینچر معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں جو پاکستان کو سرمایہ کاری کی ایک اہم منزل کے طور پر اجاگر کرتا ہے۔

‎قونصل جنرل نے دونوں ممالک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں پاکستانی-امریکی کمیونٹی کے تعاون اور ان کے
bridge-builder
‎کردار پر روشنی ڈالی۔
‎انہوں نے کمیونٹی ممبران پر زور دیا کہ وہ قائد اعظم کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں

‎اپنی تقریر میں کانگریس مین جوناتھن جیکسن نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے کردار اور دوطرفہ تعلقات کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے یوم پاکستان پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر دیگر منتخب عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔ الینوائے کے عوام کی جانب سے، الینوائے کے سیکرٹری آف سٹیٹ نے قونصل جنرل کو ایک اعلامیہ بھیجا، جس میں یوم پاکستان کی اہمیت کو تسلیم کیا گیا۔ کانگریس مین شان کاسٹن، کانگریس مین بریڈ شنائیڈر، الینوائے کے اٹارنی جنرل کوام راؤل، وسکونسن سٹیٹ کے نمائندے سامبا بلدیہ اور میئر شکاگو برینڈن جانسن سمیت متعدد معززین کی طرف سے بھی مبارکباد کے پیغامات موصول ہوئے

اس موقع پر، بانی/صدر
CWA اور MASH
امام عارف ہسکک نے قونصل جنرل طارق کریم کو ان کی خدمات پر ایوارڈ پیش کیا۔

‎تقریب کے ثقافتی حصے میں ملی نغمے پیش کئے گئے۔ افطار کے بعدمہمانوں کی تواضع روایتی پاکستانی کھانوں سے کی گئی۔ تقریب کا اختتام پاکستان، اس کے عوام اور کمیونٹی ممبران کی بھلائی اور خوشحالی کی دعا کے ساتھ ہوا۔