لاہور (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے ہم نے پی سی بی کی نئی 7 رکنی سلیکشن کمیٹی بنادی ہے جس میں کوئی چیئرمین نہیں ہوگا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نئی سلیکشن کمیٹی 7 ممبران پر مشتمل ہوگی، تمام ممبران کے پاس ایک جیسے ہی اختیارات ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی میں کپتان اور ہیڈکوچ ممبر ہوں گے، سلیکشن کمیٹی ہر فیصلہ خود کرے گی، سلیکشن کمیٹی کا کوئی چیئرمین نہیں ہوگا اور کوچز کے حوالے سے کام ہورہا ہے، ابھی فائنل نہیں ہوا ہے، ہم 4 سے 5 دن میں کوچز کے حوالے سے فیصلہ کرلیں گے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہم پہلے سے کوچز کا نام نہیں بتا سکتے اس کے نقصانات ہیں، ایک کوچ سے ہماری بات چل رہی تھی مگر میڈیا میں بات آگئی اور اسے ایسا بتایا گیا کہ وہ کھلاڑی گھبرا کے بھاگ گیا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی میں 2 کوآرڈینیٹر اور ڈیٹا اینالسٹ ہوگا
انہوں نے بتایا کہ سلیکشن کمیٹی میں عبدالرزاق، وہاب ریاض، محمد یوسف اور اسد شفیق شامل ہیں، عماد وسیم سے صرف ایک بات ہوئی ہے اور وہ یہ کہ ملک کے لیے کھیلیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ کل سے کاکول میں 2 ہفتے کا کیمپ شروع ہورہا ہے سلیکشن کمیٹی نے اس پر مشاورت مکمل کرلی ہے، مجھے امید ہے اس کیمپ کا کافی فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حارث رؤف کو واپس سینٹرل کنٹریکٹ دے دیا ہے، حارث رؤف کی انجری کا علاج انشورنس سے ہوگا، حارث رؤف ہماری ذمہ داری ہے، ہمیں ان کی فکر ہے، کرکٹ بورڈ کا پیسہ کھلاڑیوں پر خرچ ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کپتان کے اوپر کام کر رہے ہیں، ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔









