بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فلسطینیوں پر مظالم جمہوریت اور عالمی انصاف کے منہ پر طمانچہ ہیں،ایاز صادق

 

اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ فلسطین میں جاری مظالم پر بین الاقوامی برادری کی مجرمانہ خاموشی جمہوریت اور عالمی انصاف کے منہ پر طمانچہ ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے 148 ویں بین الپارلیمانی یونین سے تاریخی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان میں بے بس فلسطینی بچوں، خواتین، بزرگوں، نوجوانوں اور نہتے افراد پر اسرائیلی بربریت اور انسانیت سوز مظالم دنیا کی خود ساختہ مہذب اقوام کی منافقت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ طاقت کا بے دریغ استعمال غزہ سے لے کر کشمیر کی وادیوں تک عالمی اداروں کی ناک کے نیچے جاری ہے اور دنیا خاموش تماشائی ہے، پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی بھرپور مذمت کرتا ہے، بھلے یہ دہشتگردی انفرادی ہو یا ریاستی۔
سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ اسرائیل اور بھارت دہشتگرد ریاستیں ہیں جو فلسطینیوں اور کشمیر کے مظلوم عوام پر عرصہ حیات تنگ کئے ہوئے ہیں، غزہ کے حالیہ واقعات کلی طور پر نسل کشی اور جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ میں شہریت کے حقوق سے محروم کئے جانے سے لیکر خواتین کی بے حرمتی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے تک دہلی سرکار کی فسطائیت دنیا کے سامنے ہے، مسلم دنیا کو ادراک کرنا ہو گا کہ مسلمانوں کی نسل کشی میں نیتن یاہو اور مودی سرکار کا باقاعدہ گٹھ جوڑ ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمان عوام کی حقیقی آواز ہیں، مغربی حکومتیں اگرچہ اپنے عوام کے جذبات کے بر خلاف اسرائیل کی سرپرستی کر رہی ہیں لیکن پارلیمان کو اپنے عوام کی آواز بننا چاہئے، پارلیمانی سفارتکاری سے دنیا میں امن کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔