اسلام آباد : وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ معیشت کو پٹڑی پر لانا سب سے بڑا چیلنج ہے ، الیکٹرانک میڈیا پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے کوششوں میں حکومت کا ساتھ دے۔
وہ پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگوکررہے تھے ، وفد میں شکیل مسعود، میر ابراہیم ، میاں عامر محمود اور سلطان لاکھانی شامل تھے
ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران موجود تھے
وفد نے منصب سنبھالنے پر وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہاکہ ہم نے ایسے وقت میں اقتدار سنبھالا ہے جب ملک کو بے پناہ مشکلات کا سامنا ہے ،وزیراعظم نے وفد کو حکومت کی معاشی ترجیحات سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ خسارہ زدہ حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری، ادارہ جاتی اصلاحات ، اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری اور کفایت شعاری حکومتی ترجیحات ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ حکومتی سطح پر اخراجات میں کمی کے لئے کمیٹی بنادی گئی ہے جو جلد اپنی سفارشات پیش کرے گی ،انہوں نے کہاکہ وفاقی کابینہ نے رضاکارانہ طور پر تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ،انہوں نے کہاکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی سو فیصد ڈیجیٹائز یشن کے لئے بین الاقوامی معیار کے ماہرین کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں ۔
وزیراعظم نے کہاکہ اچھے ٹیکس دہندگان ، برآمد کنندگان اور خواتین اینٹرپرئنیورز کی حکومتی سطح پر پزیرائی کی جائے گی ،ذرائع ابلاغ ریاست کا چوتھا ستون ہیں؛ معاشرے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی ذہنی اور فکری تربیت میں الیکٹرانک میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔
وزیراعظم نے کہاکہ فیک نیوز ایک بہت بڑا چیلنج ہے جس کی روک تھام میں مین اسٹریم میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے ۔انہوں نے کہاکہ امید ہے کہ ذرائع ابلاغ غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کے ذریعے جمہوریت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
وزیراعظم نے کہاکہ میڈیا نمائندوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے ،الیکٹرانک میڈیا پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے کوششوں میں حکومت کا ساتھ دے
پی بی اے کے وفد نے منصب سنبھالنے پر وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
الیکٹرانک میڈیا پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے کوششوں میں حکومت کا ساتھ دے،وزیراعظم








