بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جائیداد کا لالچ، قبر سےمردےکو نکال کر کاغذات پر انگوٹھے لگوا لیے گئے، ویڈیو وائرل

فیصل آباد(ویب ڈیسک)معاشرے میں بے حسی اتنی بڑھ چکی ہے کہ لوگ مردوں کی تذلیل کرنے لگے ہیں، جائیداد کے لالچ میں اس قدر اندھے ہو گئے ہیں کہ قبر سے مردے کو نکال کر کاغذات پر انگوٹھے لگوائے جا رہے ہیں، اسی طرح کا انسانیت سوز واقعہ فیصل آباد میں جڑانوالہ روڈ پر ڈھڈی والا کے قریب واقع ایک قبرستان میں پیش آیا جہاں مبینہ طور پر 35 روز قبل انتقال کرنے والے ایک شخص کے نام پر موجود مکان کو اپنے نام کرانے کی کوشش کی گئی۔

قبرستان میں قبر کشائی اور مردے سے انگوٹھے لگوانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس پر لوگوں کی جانب سے شدید رد عمل سامنے آ رہا ہے۔ کسی کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو 3 سال پرانی ہے جبکہ بعض صارفین اس واقعہ پر نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے رہے۔

نعمان بٹ لکھتے ہیں کہ ایسے لوگ معاشرے کے ماتھے پر کلنک کا نشان ہیں، انہوں نے مریم نواز سے اپیل کی کہ اس واقعہ کی تحقیقات کرائیں اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائیں، ساتھ ہی انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوت ہو جانے والے شخص کے قتل کی تحقیقات بھی دوبارہ کرائی جائیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ لوگ یہ سب کیسے کر لیتے ہیں ان کو مرنا اور حساب دینا یاد نہیں رہتا؟

صحرا نورد لکھتے ہیں کہ ہم لوگ کس قدر گر گئے ہیں کہ جائیداد کے حصول کے لیے قبروں سے مردے کو نکال کر کاغذات پر انگوٹھے کے نشان لگوائے جا رہے ہیں۔

نازش علوی لکھتی ہیں کہ ایسے واقعات دیکھ کر روح کانپ جاتی ہے، کل کو سب نے اسی قبر میں جانا ہے، ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ کبھی کبھی لگتا ہے اچھا ہی ہے ہمارے پاس کوئی پیسہ جائیداد نہیں ہے کیونکہ انسان اپنی پوری زندگی لگا کر پیسے بچاتا ہے، جائیداد بناتا ہے اور مرنے کے بعد پیچھے رہ جانے والے خونی رشتے اور اپنی سگی اولاد ہی یہ سب کچھ کرتی ہے۔

واضح رہے چند دن قبل ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی گاؤں میں غیرت کے نام پر قتل کا ایک واقعہ بھی سامنے آیا تھا جس میں مبینہ طور پربھائی نے 22 سالہ بہن کو باپ اور دیگر گھر والوں کی موجودگی میں منہ پر تکیہ رکھ کر قتل کردیا تھا۔