بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کراچی: ڈکیتی مزاحمت پر ایک جاں بحق، ریٹائرڈ ایس ایس پی کے گھر سے 30 تولہ سونا اور نقدی چوری

کراچی کے علاقے گلشن اقبال چورنگی کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، ڈیفنس فیز 8 میں ریٹائرڈ ایس ایس پی غلام سرور ابڑو کے گھر ڈکیتی ہوئی ہے، ملزمان گھر سے 30 تولہ سونا اور دیگر اشیاء چوری کرکے فرار ہوگئے۔

کراچی گلشن اقبال
کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شہری کی جان لے لی گئی، گلشن اقبال چورنگی کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر تراب زیدی نامی شہری کو قتل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتول گلشن اقبال کے قریبی عمارت میں رہائش پذیر تھا، بلڈنگ سے نیچے اترا تھا، 2 ملزمان نے روکنے کی کوشش کی، مقتول بھاگنے لگا تو ملزمان نے گولی ماردی، مقتول کے سر میں گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔

واقعے کا مقدمہ درج
دوسری جانب ڈکیتوں کے ہاتھوں تراب زیدی نامی شہری کے قتل کا مقدمہ گلشن اقبال تھانہ میں درج کر لیا گیا، مقدمہ مقتول کے خالو کی مدعیت میں قتل اور ڈکیتی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔

مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ 4 نامعلوم ملزمان نے مقتول تراب زیدی اور دوست فیصل پرویز کے ساتھ ڈکیتی کی واردات کی، ملزمان متوفی کے دوست سے بھی موبائل فون چھین کر فرار ہوئے۔

یاد رہے کہ مقتول تراب زیدی کو گزشتہ شب اے ٹی ایم سے نکلتے ہوئے ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا گیا تھا۔

کراچی میں رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر 60 افراد مزاحمت پر قتل کردیے گئے۔

وزیر داخلہ سندھ کا نوٹس
ادھر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ڈکیتی مزاحمت پر شہری کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او گلشن اقبال کو فی الفور معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔

وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ ایس ایس پی ایسٹ انکوائری اور جامع تفتیش کے تحت ملوث ملزمان کو جلد سے جلد گرفتار کریں، ایس ایچ او کے سروس ریکارڈ کی تفصیلات ارسال کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ میں آکر عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، اسٹریٹ کرائمز اور اسٹریٹ کریمنلز کی بیخ کنی کی جائے، معصوم اور بے گناہ شہریوں کو دوران واردات قتل کرنے والے درندوں کے خلاف آہنی اقدامات کیے جائیں۔

کراچی ڈیفنس فیز 8
دوسری طرف کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8 میں ریٹائرڈ ایس ایس پی غلام سرور ابڑو کے گھر ڈکیتی ہوئی ہے، ملزمان گھر سے 30 تولہ سونا اور دیگر اشیاء چوری کرکے فرار ہوگئے۔

ریٹائرڈ ایس ایس پی غلام سرور ابڑو کے مطابق ملزمان 44 لاکھ روپے نقدی بھی لوٹ کرفرارہوئے، ڈکیتی کے وقت گھر پر کوئی موجود نہیں تھا، ملزمان سی سی ٹی وی راؤٹربھی ساتھ لے گئے۔

ایس ایس پی ساؤتھ ساجد سدزوئی کا کہنا ہے کہ ملزمان نے لاکر اور الماری کے لاک بھی توڑے، واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے، ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

کراچی لانڈھی شاہ لطیف مسلم سوسائٹی
ادھر کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں 7 افراد زخمی ہوئے جبکہ پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

کراچی کے علاقے لانڈھی شاہ لطیف مسلم سوسائٹی کے قریب فائرنگ سے 2 افراد 18 سالہ عبداللہ اور 20 سالہ فیصل زخمی ہوگئے۔

کورنگی نمبر ایک کے قریب فائرنگ سے 22 سالہ شہزاد اور 40 سالہ ارسلان زخمی ہوگئے۔

بلدیہ گلشن مزدور شارجہ شاپنگ مال کے قریب آپسی جھگڑے میں چھری کے وار سے 40 سالہ اسلم زخمی ہوگیا۔

سپر مارکیٹ میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 40 سالہ شعیب زخمی ہوگیا جبکہ منگھوپیر میں فائرنگ سے محمد شبیر زخمی ہوگیا۔

کلری اور پاک کالونی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 3 زخمی ملزمان سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔