بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پنجاب کو جرائم اور کرپشن فری صوبہ بنانے کے لئے اصلاحات کا گرینڈ پیکج تیار

مری(ممتازنیوز) پنجاب کو جرائم اور کرپشن فری صوبہ بنانے کے لئے اصلاحات کا گرینڈ پیکج تیارکرلیاگیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت مری میں خصوصی اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے،سینٹر منسٹر مریم اورنگزیب ، چیف سیکرٹری، ہوم سیکرٹری، آئی جی،اے آئی جی، کمشنر ، سی سی پی او،ار پی او سمیت اعلی حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں پولیس، پراسیکیوشن اور عدالتی نظام کی جامع اصلاحات کے لئے تاریخی قانونی سازی کا بل منظور کرانے کا فیصلہ کرلیاگیا، عورتوں اور بچوں سے زیادتی کے جرم ناقابل ضمانت جرم ہو گا، قانون سازی کے لئے تجاویز کی فوری تیاری کی ہدایت جاری کردی گئیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ فوری اور جلد سزا دلانے کے لئے سپیڈی ٹرائل کورٹس بنیں گی ،پنجاب کے پراسیکیوشن محکمہ کی مکمل اوورہالنگ کی جائے گی، پولیس کو کرپشن اورجرائم پیشہ عناصر کے مددگاروں سے پاک کیاجائے گا، پولیس افسران اور اہلکاروں کی پیشہ وارانہ قابلیت اور کارکردگی کی جانچ کے لئے سپیشل آڈٹ سسٹم نافذ ہوگا، معیاری پولیسنگ، پراسیکیوشن اورمقدمات کی رفتار تیز بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی استعمال ہوگی ،شہری جدید آئی ٹی ڈیش بورڈ کے ذریعے رشوت مانگنے والے کی شکایت کرسکیں گے ، شکایت کرنے والے کی معلومات خفیہ رکھی جائیں گی ہر جرم کے لئے الگ سپیشل فورس بنانے کا فیصلہ کیاگیا، پولیس میں کرپشن کے خاتمے،صوبے میں بجلی چوری، سمگلنگ کے تدارک کے لئے کریک ڈاؤن کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ آرگنائزڈ اور سائبر کرائم کے خاتمے کے لئے سپیشل یونٹ کے قیام اور آئی ٹی ٹریننگ کا اصولی فیصلہ کیاگیا۔سمگلنگ روکنے کے لئے نئی سرحدی فورس بنانے کی تجویز پر غور، منشیات کے خاتمے کےلئے مہم مسلسل جاری رکھنے کی منظوری دی گئی، پنجاب میں ناجائز اسلحہ کلچر کے خاتمے کے لئے سخت اقدامات کی ہدایت،نئے اسلحہ لائسنس کے اجرا پر پابندی لگادی گئی ،پنجاب میں ہرطرح کے مسلح گینگز کے خلاف آپریشن کلین اپ کا فیصلہ بھی کیاگیا، پنجاب کے قبائلی علاقوں میں سماجی بہبود اور ترقی کا پیکج بھی تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔اسی طرح پتنگ بازی اور دھاتی تار کے استعمال کے سدباب کے لئے مزید فول پروف انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی،وزیراعلیٰ  مریم نوازشریف نے کہاکہ جامع اصلاحات ، سخت اور فوری سزاو ں سے جرائم میں کمی یقنی بنائی جاسکتی ہے، بچوں اور عورتوں سے زیادتی کے مجرموں کو عبرت کا نشان بنانا ہے ، انہوں نےکہاکہ ہر شہری کی عزت وآبرو، جان ومال کا تحفظ اور خدمت حکومت کی بنیادی زمہ داری ہے، انہوں نے کہاکہ پولیس کو جدید اسلحہ، آلات، گاڑیاں، نائٹ ویژن اور ڈرون فراہم کریں گے، مریم نواز شریف نے کہاکہمصنوعی ذہانت (اے آئی )اور تھرمل امیجنگ جیسی جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے ، انہوں نے کہاکہپنجاب کو دہشت گردی ، سمگلنگ اورجرائم پیشہ گینگز سے پاک کیاجائے ، مریم نواز شریف نے کہاکہ پراسکیوشن اور انوسٹی گیشن نظام میں بہتری لائے بغیر جرم ختم نہیں ہوگا، اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا   انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب  نے امن امان کی مجموعی صورت حال پر بریفنگ دی۔