لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو ڈی نوٹیفائی کرانے کے لیے پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے چیف سیکرٹری کو خط ارسال کردیا گیا ۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے منحرف اراکین کی نااہلی اور پنجاب اسمبلی رکنیت ختم کرنے کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں نے صوبے کے وزیراعلیٰ شہباز شریف کو ڈی نوٹیفائی کرانے کے لیے چیف سیکریٹری کو خط ارسال کردیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے چیف سیکرٹری کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ اور بعد ازاں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد حمزہ شہباز وزیر اعلیٰ پنجاب نہیں رہے اسلیے انہیں وزیراعلیٰ بنانے کا 30 اپریل کا نوٹیفکیشن فوری طور پر واپس لیا جائے۔
خط میں چیف سیکرٹری سے یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ نہ صرف حمزہ شہباز کو ڈی نوٹیفائی کیا جائے بلکہ ان کے بحیثیت وزیراعلیٰ کیے جانے والے تمام اقدامات کو بھی غیر قانونی قرار دیا جائے۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما محمود الرشید نے بتایا کہ چیف سیکرٹری نے پیر تک اس معاملے کا قانونی طور پر جائزہ لینے کا کہا ہے اگر حمزہ شہباز کو پیر تک ڈی نوٹیفائی نہیں کیا جاتا تو سپریم کورٹ جائیں گے اور توہین عدالت کی درخواست دائر کرینگے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ کے عہدے سے ہٹانے کی درخواستیں سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فریقین کو 25 مئی کے نوٹس جاری کرچکی ہے۔مذکورہ درخواستیں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی، پی ٹی آئی رہنما سبطین خان سمیت دیگر نے دائر کی ہیں۔
حمزہ شہباز کو ہٹانے کیلئے پی ٹی آئی رہنماؤں کا چیف سیکرٹری کو خط








