اسلام آباد (ملک نجیب) وزارت داخلہ میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے آزادی مارچ کے پیش نظراسلام آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا گیا ، ادھرلانگ مارچ کے موقع پر ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اسلام آباد کی طرف آزادی مارچ کی کال دیئے جانے کے بعد ملک بھر کی سکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے تمام سکیورٹی اداروں کو آپس میں باہمی تعاون رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال سنگین ہے جس کے پیش نظر شر پسند عناصر فائدہ اٹھا سکتے ہیں، سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ملک بھر میں سکیورٹی ادارے آپس میں کورابطہ رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی پر فوری کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ اس ضمن میں وزارت داخلہ میں مانیٹرنگ سیل بھی قائم کر دیا گیا جس کو اسلام آباد کے سیف سٹی کیمروں سے منسلک کیا گیا ہے جبکہ دیگر شہروں میں بھی نگرانی کے لئے مانیٹرنگ سیل قائم کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
لانگ مارچ کی کال پر ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ،وزارت داخلہ میں مانیٹرنگ سیل قائم








