بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حقیقی آزادی کے حصول کیلئے قوم کو نکلنا ہو گا،ہماراواحدایجنڈافوری الیکشن ہے،شاہ محمود

ملتان(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ”حقیقی آزادی مارچ“ کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کیلئے ہم پوری قوم کو دعوت دے رہے ہیں۔یہ پوری قوم کیلئے ایک فیصلہ کن مرحلہ ہے۔ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہم ایک آزاد اور خود مختار قوم بننا چاہتے ہیں یا ملک کی پچھتر سالہ تاریخ کو دوہرانا چاہتے ہیں،ایک مرتبہ قوم نے 1947 میں متحد ہو کر ایک فیصلہ کیا تھا اور اب دوسری مرتبہ حقیقی آزادی کے حصول کیلئے قوم کو نکلنا ہو گا، پاکستان کی آبادی کا پیشتر حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، ان نوجوانوں نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ مستقبل میں، کس قسم کا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں، بروقت فیصلہ نہ کیا گیا تو ان نوجوانوں کا مستقبل داؤ پر لگ سکتا ہے۔
شاہ محمود نے کہا کہ عمران خان نے تیس سال پہلے پاکستان تحریک انصاف کی بنیاد اس لیے رکھی تھی کہ قوم مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کو آزما چکی تھی، قوم متبادل کی تلاش میں تھی، اب انہیں عمران خان کی قیادت میں ایک ایماندار اور مخلص قیادت میسر آگئی ہے جو ملک کا وقار بلنداور قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ شروع میں انہیں بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،ان پر پھبتیاں کسی گئیں ، کبھی کہا گیا کہ ٹانگے کی سواریاں پوری نہیں، لیکن عمران خان نے ہمت نہیں ہاری۔ عمرا ن خان اس وقت پاکستان کے مقبول ترین سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں۔ عمران خان کہہ رہے ہیں کہ قوم نے انہیں کرپشن کے خاتمے کیلئے ووٹ دیا، عمران خان کے پاس عددی اکثریت نہیں تھی، کبھی حلیفوں کی جانب سے مختلف خواہشات کا اظہار کیا جاتا رہا، جب عمران خان نے کرپٹ عناصر پر ہاتھ ڈالا تو ان سے تعاون نہیں کیا گیا، عمران خان کہہ رہے ہیں کہ اگر ہم نے اہم اور مشکل فیصلے کرنے ہیں تو میرے ہاتھ مضبوط کرنا ہوں گے اور واضح دو تہائی اکثریت دینا ہو گی۔
انہوں نے کہا ہمارا اسلام آباد جانے کا صرف ایک نکاتی ایجنڈا ہے، اور وہ ہے، آزاد اور شفاف فوری انتخابات، پاکستان، اس وقت جس بھنور میں پھنس چکا ہے اس کا واحد حل فوری شفاف انتخابات ہیں تاکہ فریش مینڈیٹ کے نتیجے میں جو حکومت آئے وہ درست فیصلے کر سکے، عمران خان نے تو یہاں تک کہہ دیا ہے کہ اگر قوم کسی اور کو منتخب کرتی ہے تو وہ یہ بھی قبول کرنے کیلئے تیار ہیں بشرطیکہ فیصلہ عوام کرے
شاہ محمود نے کہاکہ وزیر داخلہ کے دھمکی آمیز بیانات سامنے آ رہے ہیں کہ وہ اس مارچ کو نکلنے نہیں دیں گے،ہم مانتے ہیں کہ وہ ایسا کر سکتے ہیں کیونکہ ان کے پاس طاقت ہے لیکن ایک بات میں واضح کردوں کہ اگر آپ اسلام آباد کو بند کرو گے تو پورا ملک اسلام آباد بن جائے گا، تاریخ گواہ ہے کہ کوئی حکمران طاقت کے بل بوتے پر عوام کے جذبات کے آگے بند نہیں باندھ سکا،یہ کتنوں کو گرفتار کر سکتے ہیں اگر قوم نے فیصلہ کر لیا تو ان کی جیلیں کم پڑ جائیں گی، حکومت اچھی طرح جان لے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو پاکستان کا ہر نوجوان عمران خان بن جائے گا