بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پنجاب اسمبلی بجٹ سیشن کے دوران اپوزیشن کا شدید ہنگامہ آرائی کا منصوبہ

اپوزیشن نے پنجاب اسمبلی کے بجٹ سیشن کے دوران شدید ہنگامہ آرائی کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ ارکان کو مرکزی قیادت کی طرف سے بجٹ تقریر کے دوران شدید ہنگامہ آرائی کی ہدایت کی گئی ہے۔

منصوبے کے مطابق وزیرِ خزانہ کی تقریر سے قبل اپوزیشن لیڈر کو خطاب کا موقع دینے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ خطاب کی اجازت نہ ملنے پر ہنگامہ آرائی کی جائے گی۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے چیمبر کا گھیراؤ کیا جائے گا اور نعرہ بازی کی جائے گی۔

اپوزیشن نے بجٹ تقریر کے فوراً بعد مال روڈ پر بھی احتجاج کا پروگرام بنایا ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے 108 ارکان بجٹ سیشن کے ختم ہوتے ہی مال روڈ پر آجائیں گے۔

پنجاب کا بجٹ 5370 ارب روپے کا ہے۔ صوبائی وزیر خزانہ مجتبٰی شجاع الرحمٰن بجٹ پیش کریں گے۔ پنجاب کو 3700 ارب وفاق سے این ایف سی کے تحت ملنے کا امکان ہے جبکہ پنجاب کے بجٹ میں ذرائع آمدن کی مد میں محصولات کا ہدف 1026 ارب روپے ہوگا۔

ذرائع کے مطابق بجٹ میں تنخواہوں کی مد میں 595 ارب اور پنشن کی مد میں 445 ارب روپے رکھے جائیں گے۔ سروس ڈلیوری اخراجات کا تخمینہ 840 ارب روپے لگایا گیا ہے۔ ترقیاتی بجٹ کا حجم 700 ارب روپے تک رکھنے کی تجویز ہے۔ رمضان پیکیج کے لیے 30 ارب، سی بی ڈی کیلئے 8 ارب دیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے دوران 1863 ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔ سب سے زیادہ بجٹ سڑکوں کے منصوبوں کے لیے رکھا جائے گا جو ایک ہزار 21 ارب 74 کروڑ 60 لاکھ تک ہوگا۔ خصوصی تعلیم کے لیے 2 ارب، رسمی و غیر رسمی تعلیم کے لیے 3 ارب 50 کروڑ روپے،

کھیلوں اور نوجوانوں کے امور کے لیے 4 ارب 87 کروڑ 50 لاکھ روپے، خصوصی ہیلتھ کیئر کے لیے 76 ارب 61 کروڑ 50 لاکھ روپے جبکہ پرائمری ہیلتھ کیئر کے لیے 33 ارب 89 کروڑ 70 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔