بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فضل الرحمان کاساتھ حکومتی اوراپوزیشن اتحاد کی خواہش

اسلام آباد(طار ق محمودسمیر)جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمان ملکی سیاست میں مرکزی حیثیت اختیارکر گئے ہیں،حکومتی اتحاد ہویا اپوزیشن اتحاد،مولانا کی حمایت کے لئے ہر طرح کے جتن کئے جارہے ہیں،حکومت اس ضمن میں زیادہ سرگرمی دکھارہی رہے ،گزشتہ دنوں وزیراعظم شہبازشریف خود چل کر مولانا فضل الرحمان کے پاس گئے اور سیاسی مسائل حل کرنے کیلئے کمیٹی بنانے کی تجویز پر گفتگو کی تھی اور اب وزیرداخلہ محسن نقوی نے مولانا سے ملاقات کی ،سوال یہ ہے کہ محسن نقوی کس حیثیت سے مولانافضل الرحمان سے ملے ہیں ،محسن نقوی کومبینہ طورپر جن حلقوں کی حمایت حاصل ہے اس تناظر میں کہاجارہاہے کہ وہ مقتدرہ کا پیغام لے کر گئے ہیں محسن نقوی اس سے پہلے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورسے بھی مل چکیہیں تو بعدازاں ایک ٹویٹ پر معاملات خراب ہوگئے تھے،تاہم یہ امرخوش آئند ہیکہ حکمران اتحاد کے مولاناسے رابطے بحال ہوگئے ہیں اور سیاسی استحکام کے لئے ایسے رابطے ناگزیرہیں پیپلزپارٹی کی طرف سے اگرچہ کسی رہنمانے مولانافضل الرحمان سے ملاقات نہیں کی تواہم محسن نقوی نے مولاناسے ملاقات کے بعد صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور ان کے گلے شکوے ان تک پہنچائے ہیں،جہاں تک میری معلومات ہیں تو مولانا فضل الرحمان فیصلہ کرچکے ہیں کہ وہ اپنے کارکنوں کو کسی دوسری جماعت کے فائدہ کے لئے استعمال نہیں کریں گے اور نہ ہی کسی اتحادکاحصہ بنیں گے بلکہ کوئی بھی سیاسی فیصلہ سوچ سمجھ کرکیاجائے گا،علاوہ ازیں بانی پی ٹی آئی کی نیب ترامیم کیس میں ویڈیولنک کے ذریعے سپریم کورٹ میں پیشی کی آڈیو لیک معمہ بن گئی،چیف جسٹس نے وضاحت کی ہے کہ آڈیوسپریم کورٹ کی طرف سے لیک نہیں ہوئی جب کہ پنجاب حکومت اور جیل انتظامیہ نے اس معاملے پر خاموشی اختیاررکھی ہے ، نیب ترامیم کیس کی 16 مئی کو ہونے والی سماعت کے موقع پر جب عمران خان پہلی بار اڈیالہ جیل راولپنڈی سے بذریعہ ویڈیولنک سپریم کورٹ آف پاکستان میں پیش ہوتے تھے تو ان کی ایک تصویربھی لیک ہو گئی تھی جو بعدمیں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، اسلام آباد پولیس نے اس معاملے کی تحقیقات کیں لیکن کسی کو سزا نہیں دی گئی،دیکھایہ ہیکہ سپریم کورٹ آڈیولیک کے معاملے پر کوئی کارروائی کرتی ہے یانہیں۔