اسلام آباد(طارق محمودسمیر)وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں اپنی حکومت کی 100دنوں کی کارکردگی پیش کی ،انہوں نے خطاب کا آغازکشمیراور فلسطین کے عوام پرہونے والے ظلم وستم سے کیااور ان کے لئے پاکستان کی حمایت کااعادہ کیا،وزیراعظم نے اپریل 2022 میں ان کی سربراہی میں پی ڈی ایم حکومت کے اقتدارسنبھالنے کے وقت
درپیش چیلنجز اور ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے کی جانے والی کوششوں کا ذکربھی کیا،وزیراعظم نے موجودہ حکومت کے پہلے سو دنوں میں ملنے والی جن بڑی کامیابیوں کا ذکرکیاان میں پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی،مہنگائی کی شرح کو 38 فیصد سے 12 فیصد پر لانا، چین اور متحدہ عرب امارات سے سرمایہ کاری کے معاہدے،تعلیمی ایمرجنسی،ترسیلات زر،صنعتوں کیلئے بجلی سستی کرنے سمیت دیگر اقدامات شامل ہیں،یقیناًمہنگائی میں کمی شہبازحکومت کا بڑاکارنامہ ہے یہی وجہ ہے کہ اس حکومت سے عوام کی توقعات بڑھ گئی ہیں،وزیراعظم نے خطاب میں پی ڈبلیوڈی میں ہونے والی کرپشن کا ذکرکرتے ہوئے اس ادارے کے خاتمے کااعلان کیااور پی ڈبلیوڈی جیسے دیگر ادارے جو عوامی خدمت کے بجائے قو م بوجھ بن گئے ہیں ان کاخاتمے کا عندیہ بھی دیا ، وزیراعظم نے شاہانہ اخراجات میں کمی کی بات بھی کی ،اس حوالے سے ماضی میں بھی بلندوبانگ دعوے کئے جاتے رہے ہیں لیکن اب وقت آگیاہے کہ عملی مثال پیش کی جانی چاہئے ،وزراء اور بیوروکریسی میں حقیقی معنوں میں کفایت شعاری پرعمل کرکے قوم کے اربوں روپے بچائے جاسکتے ہیں،شہبازشریف نے مستقل کے معاشی ایجنڈے اور اس پرعمل درآمد کے حوالے سے عزم کا اظہارکرتے ہوئے بالواسطہ سیاسی مفاہمت کا پیغام بھی دیااور امیدظاہرکی کہ ماضی کی طرح ایسے حالات پیدا نہیں کئے جائیں گے جن سے معاشی بحالی کی کوششوں کو نقصان پہنچے۔انہوں نے یہ بھی کہاکہ اگر پاکستان نے اپنے اہداف پورے کر لیے تو موجود آئی ایم ایف کا پروگرام آخری پروگرام ہو گا۔ علاوہ ازیںمسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ماہر بن حمد بن محمد بن المعیقلی نے مسجد نمرہ میں خطبہ حج کے دوران عصر حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے امت مسلمہ کے اتحادپر زوردیا۔انہوں نے خاص طور پر فلسطین کی موجودہ صورتحال کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ دشمن کی شرانگیزی نے فلسطینیوں کا جینا محال کردیا، دشمن ارض فلسطین میں خونریزی اور فساد برپا کرنا چاہتا ہے، دشمن فلسطینیوں کے لوگوں تک اشیائے ضروری، غذائی امداد، دوائیاں اور کپڑے پہنچنے نہیں دے رہا ، خطبہ حج کے اختتام پر ڈاکٹر ماہر بن حمد نے فلسطین کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی اور کہا کہ اس بابرکت موقع پر اپنے، اپنے والدین اوراحباب کیلئے دعائیں کریں، بالخصوص فلسطینی بھائیوں کیلئے دعاکریں جن پرمصیبت برپا ہے۔
شہبازحکومت 100دنوں میں اہم معاشی اہداف میں کامیاب








