اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے دورہ چین پر اُن کا استقبال ڈپٹی میئر نے کیا اور حکومت اس کو کامیاب دورہ کہہ رہی ہے، حکومت کا واسطہ چکمے والے لوگوں سے پڑھا ہے کیونکہ پہلے وہ لے کر آئے اور اب آرے سے سیٹ کاٹ رہے ہیں ، موجودہ بجٹ کی کہانی ’ووٹ کو عزت دو‘ سے شروع ہوئی تھی لیکن یہ بجٹ پاکستان کے عوام کے ساتھ ’ہائبرڈ روبری‘ اور معاشی دہشتگردی ہے‘ ۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ پر بحث کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے سیکریٹری جنرل اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور سنی اتحاد کونسل اور ہری پور این اے 18 کے عوام کا شکر گزار ہوں جس نے مجھے اس معزز ایوان میں بھیجا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2024 کے انتخابات میں ہم لوگ مہم نہیں چلا سکتے تھے، پولیس پیچھے لگی ہوئی تھی جو آج بھی لگی ہوئی، ہم پر قتل سے لے کر اغوا برائے تاوان کی جعلی ایف آئی آر درج کروائی گئیں، دہشگردی کے الزامات لگائے گئے، ہمارا انتخابی نشان ہم سے چھین لیا گیا۔
کسی کو چینک، کسی کو میز، کسی کو باجا، کسی کو بیگن اور کسی کو ٹھپر انتخابی نشان ملا لیکن ان تمام تر حربوں کے باوجود عوام نے عمران خان کی قیادت والی پاکستان تحریک انصاف کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروایا اور ہم آج یہاں اسمبلی میں پہنچے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوئی اہمیت نہیں، بانی پی ٹی آئی کے ساتھ قومی یکسوئی کے ساتھ کھڑی ہے۔ اگر لوگوں کی کوئی ترجمانی کرتا ہے تو بانی پی ٹی آئی کرتے ہیں۔قوم بانی پی ٹی آئی پر اندھا اعتماد کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ کی کہانی ’ووٹ کو عزت دو‘ سے شروع ہوئی تھی، یہ بجٹ پاکستان کے عوام کے ساتھ ہائبرڈ روبری ہے‘ ۔ یہ بجٹ پاکستان کے عوام اور مستقبل کے خلاف معاشی دہشتگردی ہے۔ ہم مینڈک کو دیسی زبان میں ڈڈو کہتے ہیں اور یہ بجٹ ڈڈو بجٹ سے زیادہ کچھ نہیں ہے، یہ پاکستان کے عوام کے ساتھ دھوکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ اکنامک ہٹ مین کے ذریعے بنایا گیا جو ملکی بنیادیں ہلانا چاہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے معیشت کو اٹھایا تھا۔کرونا آیا تو دُنیا بند ہو گئی، بانی پی ٹی آئی نے غریب عوام کے لیے ’لاک ڈاؤن‘ نہیں ہونے دیا۔بانی پی ٹی آئی نے ملک کو کورونا کی صورت حال سے باہر نکالا، دوسری جانب بھارت کورونا کے دوران بند ہو گیا اور وہاں لوگ بھوک سے مر رہے تھے۔
عمر ایوب نے کہا کہ جب ہماری حکومت کو ہٹایا گیا تو اس وقت ہماری جی ڈی پی 6 فیصد پر تھی، 2022 کا اقتصادی سروے پڑھ لیں کہ معیشت 6.6 فیصد پر تھی۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ میں سب سے کم سرمایہ کاری پی ڈی ایم ون، نگراں دور حکومت اور پی ڈی ایم ٹو کی حکومت میں رہی۔
انہوں نے کہا کہ جس ملک میں قانون کی عمل داری نہ ہو تو وہاں سے سرمایہ کار دور بھاگتا ہے، ایک آئی ایم ایف پروگرام سے نکل رہے ہیں تو دوسرے کے لیے جا رہے ہیں۔ آئی ایم ایف نے ان کو واضح کہا کہ دوسرے اسٹیک ہولڈرز سے بات کریں، جو اسمبلی میں بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ شریف انسان ہیں، میں ان کو جانتا ہوں، انہوں نے خود اپنے لیے گڑھا کھودا ہے، اس میں لیٹے اور پھر مٹی ڈال دی۔
نہوں نے کہا کہ ایک جعلی ارسطو نے بانی پی ٹی آئی کو 5سال کیلئے اندر رکھنے بات کی، یہ ملک کیا کوئی بنانا ریپبلک ہے َ احسن اقبال جیسے بے ڈھنگے وزیروں کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہو رہی۔
عمر ایوب نے کہا کہ ان کا واسطہ چکمے والے لوگوں سے پڑھ گیا ، پہلے لاکر سیٹ پر بٹھایا اب آرے سے سیٹ کو کاٹ رہے ہیں۔
بجٹ عوام کیساتھ ’ہائبرڈ ڈاکہ:انہیں حکومت میں لاکر بٹھانے والے اب آرے سے سیٹ کاٹ رہے ہیں، عمر ایوب








