اسلام آباد:اسلام آبادہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن نے پراپرٹی تقسیم کے تنازعے پر بہنوں کو غیرضروری مقدمہ بازی میں الجھانے پر ڈاکٹرفرح سہیل نامی خاتون کو جرمانہ کردیا ۔ ڈاکٹرفرح سہیل نےاسلام آبادکے پوش سیکٹر ای سیون میں واقع مکان کی تقسیم سے متعلق سول جج کے فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ میں اپیل دائرکی تھی ،8 مئی 2023 کو سول جج اسلام آبادسے مکان ،جو ڈاکٹر فرح سہیل کاقبضہ ہے، کی وراثت کے تنازع پر ڈاکٹرفرح کی بہنوں کے حق میں فیصلہ سنایاتھاجسے ڈاکٹرفرح سہیل نے تسلیم نہیں کیا، 933.33مربع یارڈ پرمحیط مکان انجم آرا صبیح اور زرینہ ظہیرنے تعمیرکرایاتھا جنہوں نے 1981 میں محمدحنیف نامی شخص سے مشترکہ طور پر اراضی خریدی تھی ،مکان نمبر 181 اے پر مشتمل ایک حصہ انجم آرا صبیح جب کہ دوسراحصہ 181 بی زرینہ ظہیر کے قبضے میں تھا، ان دونوں حصوں کے الگ الگ دروازے اور ان کے درمیان ایک دیوار ہے اورایک طرح سے سوٹ پراپرٹی کہلاتا ہے،انجم آراصبیح کے انتقال کے بعد ان کا حصہ چاربہنوں ڈاکٹرفرح سہیل،ڈاکٹرفوزیہ ہمایوں،ہماصبیح اور حمیرا صبیح کو منتقل ہوا جب کہ زرینہ ظہیر نے اپنے حصے کامکان اپنی دوبیٹیوں روبینہ سعدیہ رحمان اور عالیہ ظہیر جان کو بطورتحفہ دے دیا اور اس ضمن میں 25اکتوبر2016 کو سی ڈی اے کے اسٹیٹ مینجمنٹ ڈائریکٹوریٹ سے لیٹرجاری کیاگیا، زرینہ ظہیر کی بیٹیاں سوٹ پراپرٹی کے دیگر شریک مالکان کے علاوہ مکان نمبر 181 بی کے قابض ہیں، تاہم مکان نمبر181 اے دیگر بہنوں کے بغیرفقط ڈاکٹرفرح سہیل کے قبضےمیں رہا ، جب طویل عرصے تک یہ صورت حال برقرارہی تو ڈاکٹرفرح سہیل کی دیگر تین بہنوں نےکاشف ملک ایڈووکیٹ کے توسط سے تقسیم کے ذریعے علیحدہ ملکیت کا دعویٰ دائر کیا ،ڈاکٹر فرح سہیل نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ سوٹ پراپرٹی کو تقسیم نہیں کیا جا سکتاکیونکہ یہ انجم آرا صبیح اور زرینہ ظہیر نے مشترکہ طور پر خریدی تھی، حقائق کا پتہ لگانے کے لیے جسٹس اورنگزیب نے چوہدری عبدالحمید ایڈووکیٹ کو لوکل کمیشن مقرر کیا اور ہدایت کی کہ اپیل کنندہ ڈاکٹر فرح سہیل اور ان کی مدعا علیہ بہنوں کی جائیداد اور حصہ کی تخمینی مالیت سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے،عدالت نے اس معاملے میں ڈپٹی رجسٹرار عمر فاروق کو ثالث مقرر کیا ،ثالث کی طرف سے 23 اکتوبر 2023 کوعدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق اپیل کنندہ سمیت سمیت فریقوں نے ثالثی کے عمل میں حصہ تو لیا لیکن کوئی تصفیہ نہ ہوسکا، جس کے بعد اسلام آبادہائی کورٹ کے سنگل بنچ نے فریقین کے دلائل سنے اور سماعت مکمل ہونے پرڈاکٹر فرح سہیل کی اپیل خارج کردی، عدالت نے ڈاکٹر فرح کو ہر مدعا علیہ کوپانچ لاکھ روپے ادا کرنے کاحکم بھی دیا۔
پراپرٹی تنازع،ہائیکورٹ کابہنوں کیخلاف غیرضروری مقدمہ بازی پرخاتون کو بھاری جرمانہ








