بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فپواسا پاکستان کے وفد کا ڈاکٹر امجد عباس مگسی کی زیر قیادت میں پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ

فپواسا پاکستان کے وفد نے مرکزی صدر ڈاکٹر امجد عباس مگسی کی زیر قیادت میں پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا اور مختلف سیاسی پارٹیوں کی قیادت کو یونیورسٹی اساتذہ کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ فپواسا کا وفد مرکزی صدر، ڈاکٹر امجد عباس مگسی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد عزیر، نائب صدر ڈاکٹر مظہر اقبال، صدر بلوچستان چیپٹر ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ، صدر اسلام آباد چیپٹر ڈاکٹر محمد اقبال جتوئی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر احتشام علی اور ڈاکٹر عقیل بخاری پر مشتمل تھا۔ فپواسا قیادت نے پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر قیادت سید قاسم گیلانی (ایم این اے)، آغا رفیع اللہ (ایم این اے)، پہلوین بلوچ (ایم این اے نیشنل پارٹی بلوچستان) اور اخونزادہ چٹان کو اعلیٰ تعلیم کی مخدوش صورتحال سے آگاہ کیا اور ان سے اعلیٰ تعلیم کے بجٹ کو 500 ارب تک بڑھانے اور ریکرنگ بجٹ میں خاطر خواہ اضافے کا مطالبہ کیا۔ فپواسا قیادت نے اساتذہ کے لیے 75 فیصد ٹیکس چھوٹ کو پھر سے بحال کرنے کا مطالبہ کیا اور حکومت کی جانب سے یونیورسٹی اساتذہ اور محققین کے لیے ٹیکس چھوٹ ختم کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ وفد نے اعلیٰ تعلیم کے لیے مختص کیے گئے بجٹ کو ناکافی قرار دیتے ہوئے پاکستان میں یونیورسٹیز کو درپیش ان سنگین معاشی اور انتظامی مسائل کی نشاندہی کی جن کا تدارک نہ ہونے کی صورت میں معاشرے کے متوسط طبقے پر اعلیٰ تعلیم کے دروازے ہمیشہ کے لیے بند ہو جائیں گے۔ فپواسا قیادت نے اعلی تعلیم کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کرنے پر سندھ حکومت کا بہ طور خاص شکریہ ادا کیا۔ فپواسا وفد نے بعد ازاں نیشنل پارٹی کے سینیٹر جان محمد بلیدی، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر مسرور احسن، عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر حاجی ہدایت اللہ، پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو اور ایم کیو ایم کی سینیٹر خالدہ عطیب سے بھی ملاقات کی اور انھیں ہائیر ایجوکیشن کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔پارلیمانی اراکین نے فپواسا وفد کے اصولی مطالبات کی تائید کی اور یونیورسٹی اساتذہ کے مسائل کو پارلیمنٹ اور اعلی سطح کی کمیٹیوں میں اٹھانے اور ان کو حل کروانے کی یقین دہانی کروائی۔ میٹنگ کے اختتام پر فپواسا پاکستان کے وفد نے اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے اعلیٰ تعلیم کو درپیش مسائل پر فپواسا کے موقف کی حمایت کرنے پر اراکین پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔