اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد پولیس کے ملازمین کے لیے خوشخبری،تنخواہوں میں اضافے کیلئے سمری وزارت خزانہ کو ارسال کردی گئی ۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے وزارت خزانہ کو خط لکھ دیا گیا ہے،جس میں اسلام آباد پولیس کو پنجاب پولیس کے برابر تنخواہ کی ادائیگی کیلئے اجازت طلب کی گئی جبکہ پنجاب پولیس کی تنخواہوں کا پیٹرن بھی فنانس ڈویژن کو بھجوادیا گیا۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے انتہائی اہم کردار اداکررہی ہے جبکہ فسادی ہجوم اور دہشت گردانہ کارروائیوں کا مقابلہ بھی کررہی ہے ۔
وزارت خزانہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پنجاب پولیس اور ایف آئی اے کے مقابلے میں اسلام آباد پولیس کی تنخواہ کم ہے ، اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کو ملک بھر کوٹہ کی بنیاد پر بھرتی کیا جاتا ہے اور اپنے علاقے سے باہر سے آنے والے اہلکاروں کو زیادہ مہنگائی کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے، کم تنخواہ کی وجہ سے بدعنوانی کا خدشہ رہتا ہے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کرنے کے لیے 738 ملین روپے کے اخراجات آئیں گےجبکہ دیگر تمام صوبوں کی پولیس کی تنخواہوں کا تقابلی جائزہ بھی بھیجا جارہا ہے ،فنانس ڈویژن سے درخواست ہے کہ جلد از جلد اسلام آباد پولیس کے پرپوزل کا جائزہ لیا جائے۔
اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کرنے کیلئے سمری وزارت خزانہ کو ارسال








