راولپنڈی:عدت کیس میں رہائی کے بعد نیب عمران خان اور بشریٰ بی بی کی نئے نیب ریفرنس میں گرفتاری ڈال دی ہے، جس کے بعد دونوں کے رہائی کے امکانات ختم ہوگئے ہیں، جبکہ لاہور پولیس بھی 9مئی مقدمے میں عمران خان کی گرفتاری ڈالنے اڈیالہ جیل پہنچ گئی ہے،جس کے بعد جیل کے طراف سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ عدت کیس میں سزائیں معطل ہونے کے بعد عمران خان اور بشریٰ بی بی کی رہائی کے امکانات ظاہر کئے جا رہے تھے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ آج بشریٰ بی بی اور عمران خان کو گھر لے کر جائیں گے، لیکن ایسا ہوتا نظر نہیں آرہا۔
کیونکہ ڈپٹی ڈائریکٹر محسن ہارون کی سربراہی میں دو رکنی نیب ٹیم گرفتاری ڈالنے کیلئے اڈیالہ جیل پہنچ گئی ہے، نیب ٹیم گیٹ نمبر 5 سے اڈیالہ جیل کے اندر روانہ ہوئی۔
ذرائع کے مطابق نیب ٹیم قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد گرفتاری ڈالے گی۔
سکیورٹی سخت
اڈیالہ جیل کے اطراف سیکورٹی مزید سخت کردی گئی ہے، راولپنڈی پولیس کی بھاری نفری اڈیالہ جیل کے باہر طلب کرلی گئی ہے، عدالتی فیصلے کے بعد سیکورٹی سخت کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
پولیس حکام نے اڈیالہ جیل کے باہر آنے والے کارکنان کو کالونی گیٹ پر روکنے کا فیصلہ کیا ہے، کارکنان کو اڈیالہ جیل کے مرکزی گیٹ جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
نیا نیب ریفرنس کیا ہے؟
بانی پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ کے نئے کیس کی جو انکوائری رپورٹ سامنے آئی ہے اس کے مطابق عمران خان پر 74 گھڑیاں خلاف قانون لینے اور بیچنے کا الزام ہے۔
رپورٹ کے مطابق نیا کیس میں 10 قیمتی تحائف خلاف قانون بیچنے سے متعلق ہے، گراف واچ ، رولیکس گھڑیاں، ہیرے اور سونے کے سیٹ کیس کا حصہ ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ تحفے قانون کے مطابق اپنی ملکیت میں لئے بغیر ہی بیچے جاتے رہے، تخمینہ ساز کی ملی بھگت سے گراف واچ کے خریدار کو فائدہ پہنچایا گیا، گراف واچ کی قیمت 10 کروڑ 9 لاکھ بیس ہزار روپے لگائی گئی، جبکہ اس کی 20 فیصد رقم دو کروڑ ایک لاکھ 78 ہزار روپے سرکاری خزانے کو دیئے گئے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ہر تحفے کو پہلے رپورٹ کرنا اور توشہ خانہ میں جمع کروانا لازمی ہے، صرف 30 ہزار روپے تک کی مالیت کے تحائف مفت اپنے پاس رکھے جا سکتے ہیں۔
لاہور پولیس بھی گرفتاری کیلئے پہنچ گئی
صرف نیب ہی نہیں بلکہ لاہور پولیس کی ٹیم بھی بانی پی ٹی آءی کی گرفتاری کیلئے اڈیالہ جیل پہنچ گئی ہے، لاہور پولیس بانی پی ٹی آئی کو 9 مئی کے تین مختلف کیسز میں گرفتار کرنے پہنچی۔
نیب نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو نئے توشہ خانہ کیس میں گرفتار کرلیا








