بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کراچی میں آج بھی شدید گرمی کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات میں کراچی میں آج بھی شدید گرمی کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر قائد میں پارہ 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے رہائشیوں نے ایک اور گرم اور مرطوب دن کا تجربہ کیا، گزشتہ روز شہر قائد میں درجہ حرارت 40.3 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد رہا۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ موسمی نظام کے زیر اثر سمندری ہوائیں سارا دن بند رہیں، جبکہ شہر کے مضافات میں بوندا باندی بھی ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسی طرح کی موسمی صورتحال (آج) بدھ کو بھی برقرار رہنے کا امکان ہے۔

سمندری ہوائیں جمعرات (کل) سے دوبارہ شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ماہر موسمیات انجم نذیر ضیغم نے بتایا کہ بھارتی گجرات اور بحیرہ عرب پر کم دباؤ کے نتیجے میں سمندری ہوائیں معطل رہیں، جس کے نتیجے میں کراچی میں شدید گرمی پڑ گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسی سسٹم کے تحت جمعہ اور ہفتہ کو بارش ہونے کی توقع ہے، جس سے گرمی میں کمی آئے گی۔

محکمہ موسمیات نے یومیہ ایڈوائزری میں بتایا کہ آج گرم اور مرطوب موسم کی توقع ہے، جبکہ شہر کے مضافات میں الگ تھلگ گرد و غبار کے طوفانوں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

مزید کہنا تھا کہ (آج) زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔