بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سندھ بھر میں آٹے کی قیمت یکساں طور پر مقرر کرنے کا فیصلہ

صوبائی وزیر خوراک سندھ مخدوم محبوب الزماں نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے عوام کو آٹے کی قیمتوں میں ریلیف دینے کے لیے اہم فیصلہ کیا ہے۔

صوبہ سندھ ملک کا پہلا صوبہ ہوگا جو آٹے کا ایکس مل ریٹ مقرر کرے گا، آٹے کی قیمت سے متعلق باضابطہ نوٹیفکیشن کل جاری کیا جائے گا، جس کا اطلاق پورے سندھ میں ہوگا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک نے بتایا کہ سندھ میں ڈھائی نمبر آٹے کا ایکس مل ریٹ 138 روپے فی کلو مقرر کیا جائے گا جبکہ آٹے کا ریٹیل مارجن 7 روپے فی کلو مناسب ہے، اس طرح عوام کو آٹا زیادہ سے زیادہ 145 روپے فی کلو میں دستیاب ہونا چاہیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ سندھ حکومت آٹے کی قیمت 145 روپے فی کلو سے زیادہ نہیں ہونے دے گی اور مقررہ نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

مخدوم محبوب الزماں کا کہنا تھا کہ آٹے کی مقررہ قیمت سے متعلق نوٹیفکیشن پورے صوبے میں نافذ ہوگا تاکہ کراچی سمیت سندھ کے تمام شہروں میں عوام کو یکساں قیمت پر آٹا فراہم کیا جاسکے۔

صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی فارمر فرینڈلی پالیسی کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا راستہ نکالا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال سندھ میں گندم کی پیداوار 90 ہزار میٹرک ٹن رہی، جبکہ اب تک گندم پر سبسڈی کی مد میں 17 ارب روپے ادا کیے جاچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ عام صارفین کو بھی مناسب قیمت پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

مخدوم محبوب الزماں نے بتایا کہ کراچی اور حیدرآباد میں آٹے کی مجموعی کھپت ایک لاکھ 38 ہزار ٹن ہے، جس کے پیش نظر ان دونوں بڑے شہروں سمیت پورے صوبے میں آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ آٹے کی مختلف اقسام ہوتی ہیں تاہم فی الحال حکومت ریگولر آٹے کی قیمت مقرر کررہی ہے۔ آئندہ ضرورت کے مطابق دیگر اقسام کی قیمتوں کے حوالے سے بھی اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔

صوبائی وزیر خوراک نے واضح کیا کہ عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کے ساتھ اس کے معیار کو برقرار رکھنا بھی حکومت کی ترجیح ہے۔

ان کے مطابق معیاری آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کا ٹاسک سندھ فوڈ اتھارٹی کو دے دیا گیا ہے، جبکہ محکمہ خوراک اور فلور ملز ایسوسی ایشن کی بھی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ مقررہ معیار کے مطابق آٹا تیار اور فروخت کریں۔

انہوں نے کہا کہ قیمت میں کمی کے نام پر آٹے کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔مخدوم محبوب الزماں کا کہنا تھا کہ حکومت صرف قیمت مقرر کرکے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرے گی بلکہ اس پر عمل درآمد بھی یقینی بنائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ مقررہ قیمت سے زائد نرخوں پر آٹا فروخت کرنے والوں کے خلاف شکایات درج کرانے کے لیے خصوصی نمبرز جاری کیے جائیں گے، جبکہ عوام میں آگاہی کے لیے مہم بھی چلائی جائے گی تاکہ شہریوں کو سرکاری نرخوں سے متعلق مکمل معلومات فراہم ہوسکیں۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ فلور ملز، دکانداروں اور متعلقہ اداروں کو مقررہ نرخوں کا پابند بنایا جائے گا تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے۔

مزید پڑھیں:190 ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان کا براہِراست نشر کیلئے عدالت سے رجوع

واضح رہے کہ سندھ حکومت کے اعلان کے مطابق ڈھائی نمبر آٹے کا ایکس مل ریٹ 138 روپے فی کلو ہوگا جبکہ 7 روپے فی کلو ریٹیل مارجن شامل کرنے کے بعد صارفین کے لیے قیمت 145 روپے فی کلو مقرر کرنے کی تجویز ہے، حتمی اطلاق سرکاری نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد ہوگا۔