پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی نےآپریشن عزم استحکام اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی کے خلاف قراردادیں منظور کرلیں۔ وزیر قانون آفتاب عالم کی پیش کردہ قرار داد میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے عزم استحکام آپریشن سے متعلق افواہیں ہیں، افوا ہے کہ عزم استحکام کی آڑ میں نیا فوجی آپریشن شروع کیا جارہا ہے۔ قرار داد میں مزید کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پہلے واضح کیا تھا کہ فوجی آپریشن مسئلے کا حل نہیں ہے، آپریشن سے خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آئے۔
کے پی اسمبلی سے منظور قرار داد میں مزید کہا گیا کہ وفاق کسی بھی فیصلے سے پہلے صوبائی حکومت کو اعتماد میں لے، آپریشن سے متوقع نقصان کی ذمہ داری وفاق پر عائد ہوگی۔
اسی طرح صوبائی اسمبلی میں وزیر قانون آفتاب عالم نے پی ٹی آئی پر پابندی کے خلاف قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ فیصلے سے واضح ہے کہ پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے۔
قرار داد میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں دی جائیں، عدالتی فیصلے کے باوجود وفاقی کابینہ پی ٹی آئی پر پابندی کا بیانیہ بنا رہی ہے، تحریک انصاف آئین کیساتھ کھڑی ہے، پابندی لگ جاتی ہے تو یہ آئین کے آرٹیکل 17کی خلاف ورزی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اور ملک ایک ساتھ نہیں چل سکتے، پی ٹی آئی پر پابندی لگانے جارہے ہیں، مخصوص نشستوں کے فیصلے پر نظر ثانی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا، سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کو بن مانگے ریلیف دیا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں آپریشن عزم استحکام ، پی ٹی آئی پر پابندی کے خلاف قراردادیں منظور








