اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہاہے کہ حادثاتی حکومتوں نےسیاستدانوں،ٹیکنوکریٹس کی نئی نسل کوجنم دیا ، یہ ہروقت کسی حادثےکےانتظارمیں شیروانی سلوا کےتیاربیٹھتےہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر خواجہ آصف نے لکھا کہ بلوں میں کیپیسٹی پیمنٹ کا مسئلہ ہے، 35.5روپےفی یونٹ کےبنیادی ٹیرف میں کیپیسٹی پیمنٹ تقریباً18روپےہے،بجلی کا زیادہ سے زیادہ استعمال فی یونٹ قیمت میں کمی لاسکتاہے۔
وزیردفاع نے لکھا کہ ٹیکس چوری کی وجہ سےصارف تقریبا8روپےفی یونٹ ٹیکسز ادا کرتے ہیں، ٹیکس چوری بندہوجائےتوبلوں سے ٹیکسزکااضافی بوجھ ختم کیاجاسکتاہے۔
خواجہ آصف نے پاکستانی سیاسی منظر نامہ پر مزید لکھا کہ وطن عزیزکی سیاست نے75سال میں بےشمارحادثات کوجنم دیا،ان حادثات کےباعث غیرجمہوری سیٹ اپ بنتے رہے،حادثاتی حکومتوں نےسیاستدانوں،ٹیکنوکریٹس کی نئی نسل کوجنم دیا ہے،یہ ہروقت کسی حادثےکےانتظارمیں شیروانی سلوا کےتیاربیٹھتےہیں۔
آخری میں خواجہ آصف نےافتخارعارف کی نظم بارھواں کھلاڑی کےاشعاربھی شیئرکردیے۔
دریں اثناسیالکو ٹ میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا کہ اداروں کے ٹکراؤ کی کیفیت موجود ہے، عدلیہ اپنی تاریخ درست کرے، عدلیہ کی ذمہ داری قانون کی تشریح کرنا ہے قانون سازی کرنا نہیں ہے، فیصلے سیاسی نہیں بلکہ آئینی اور قانونی ہونے چاہئیں۔ خواجہ آصف نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ کیا جرمنی واقع کے بعد افغان باشندوں کی میزبانی بنتی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ’ججز عدالتوں میں بیٹھ کر جو سیاسی ریمارکس دیتے ہیں اس کی آمیزش نہیں ہونی چاہیے، عدلیہ کے اتنے سیاسی فیصلے ہیں کہ گنتی ختم ہو جاتی ہے، جسٹس منیر والا فیصلہ بھی سیاسی تھا اور بھٹو صاحب والا بھی۔‘
سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے کی بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ موجودہ فیصلے کے بعد جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس سے آئینی خرابی پیدا ہو سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں استحکام لانا صرف سیاستدانوں کی ذمہ داری نہیں، اس میں عدلیہ، میڈیا اور بیورو کریسی بھی ہے، اگر آئینی خرابی پیدا ہوئی تو ملکی معیشت اور سیاست کے لئے ٹھیک نہیں ہو گی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ’عدلیہ کو اپنا وجود بحال کرنا چاہیے، ان کی چپکلش کے افسانوں کا ذکر گلی محلوں میں ہو رہا ہے۔‘
جرمنی میں پاکستانی سفارتی مشن پر افغان شہریوں کے دھاوا بولنے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ افغان باشندے احسان فراموش ہیں، ہم نے ان کے لیے روس سے جنگ لڑی، 35 سال سے ہم دہشت گردی کی جنگ لڑ رہے ہیں، اس وقت چالیس سے پچاس لاکھ افغانوں کی میزبانی کر رہے ہیں، کیا جرمنی واقع کے بعد میزبانی بنتی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ جو افغان باشندے قانونی طور پر دو، تین نسلوں سے ملک میں مقیم ہیں وہ ہمارے بھائی ہیں، لیکن بارڈر پر آنے جانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔








