اسلام آباد(ممتازنیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم شہدائے پولیس کے موقع پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ قوم کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس کے اہلکاروں کی بے مثال جرات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کے شہداء نے گراں قدر خدمات انجام دی،پوری قوم کو اپنے بہادر شہداء پر فخر ہے۔
صدر مملکت نے کہاکہ پولیس نے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، دہشت گردی کے خلاف کامیابی میں پولیس فورس کا نمایاں کردار ہے،پولیس کے جوان ملک کے مختلف حصوں میں سماج دشمن عناصر اور دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں،پوری قوم کی جانب سے پولیس شہداء کو خدمات اور قربانیوں پر سلام پیش کرتا ہوں۔









