اسلام آباد(ممتاز رپورٹ) لوٹی گئی دولت بیرون ملک سے واپس لانے کے لئے سابق وزیراعظم عمران خان کی طرف سے قائم کردہ ایسٹس ریکوری یونٹ( اے آریو) نے گزشتہ تین سال کے دوران 426 ارب 40کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری میں مدد کی ۔یہ انکشاف رواں مال کابینہ ڈویژن کی طرف سے تیار کی گئی دستاویزات(سالانہ کتابچہ برائے 2020-21) میں کیا گیا۔دستاویزات کے مطابق مجموعی رقم میں سے 334 ارب روپے صرف گزشتہ مالی سال کے دوران ریکور کئے گئے ۔ایسٹس ریکوری یونٹ 2018میں قائم کیا گیا تھا جس کا مقصد بیرون ملک غیر قانونی اثاثوں کی واپسی کے حوالے سے نئے کیسزکی نشاندہی اور تمام موجودہ کیسز پر پیشرفت کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں ، قومی احتسا ب بیورو(نیب) ، وفاقی تحقیقاتی ادارے( ایف آئی اے) ، فنانشل مانیٹرنگ یونٹ( ایف ایم یو) اورانسداد بدعنوانی کے صوبائی اداروں کےلئے ایک فورم فراہم کرنا تھا۔ سالانہ کتابجے کے مطابق گزشتہ تین سال کے دوران نیب نے ایسٹس ریکوری یونٹ کی نگرانی و معاونت سے 389 ارب 50کروڑ روپے ریکور کئے جو نمایاں اضافہ ہے، اس سے پہلے 17 سال (2000 سے 2017) کے عرصے میں وصول کی گئی295ارب 60کروڑ روپے ہے ۔ اسی طرح ایف آئی اے نے گزشتہ تین سال میں 6ارب 40کروڑ برآمد کئے جس میں سے 3ارب 60کروڑ 2020میں برآمد کئے گئے۔ دستاویزات میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے قائم کیے گئے مختلف انکوائری کمیشنوں کی روشنی میں، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ایسے واجبات کا تعین اور ریکوری کی جوچارٹ سے باہر تھیں۔ فیڈر ل بورڈ آ ف ریونیو نے متحدہ عرب امارات اور برطانیہ میں املاک سمیت آف شور اثاثوں پر 22ارب 80کروڑ کے ٹیکسوں کی نشاندہی کی اور پانامہ پیپرزاور پیراڈائز پیپرز میں نشاندہی کئے گئے اثاثوں پر مالی سال 2021میں 5ارب 60کروڑ کی ریکوری کی ۔30ارب روپے کی ریکوریاں براہ راست ایسٹس ریکوری یونٹ سے منسوب ہیں۔
پی ٹی آئی دور میں 426 ارب 40کروڑ کی ریکارڈریکوری ہوئی ،موجودہ حکومت کا اعتراف








