اسلام آباد(ممتاز نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے سمدھی چودھری منیر کی طرف سے آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو آرمی چیف بنانے کی سفارش کی گئی تھی جسے ن لیگ کے صدر میاں نوازشریف نے مسترد کردیا تھا جبکہ فیض حمید نے وزیردفاع خواجہ آصف سے بھی بہت سی امیدیں لگائی ہوئی تھیں جو پوری نہیں ہوئی ، اس بات کا انکشاف سینئر اینکر پرسن اور کالم نویس جاویدچودھری نے اپنے کالم میں کیا ہے ۔ انہوں نے اپنے کالم میں لکھا کہ جب عمران خان پر وزیرآباد میں قاتلانہ حملہ ہوا تو کوئی زیادہ احتجاج نہیں ہوا تھا ، 9مئی کو ان کی گرفتاری پر جو کچھ ہوا اس سارے معاملے کو سمجھنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ جنرل فیض حمید آرمی چیف بننے کےلئے ہر ممکن کوشش کر رہے تھے اور انہوں نے اس مقصد کےلئے مریم نواز کے سمدھی چودھری منیر کو بھی نوازشریف کے پاس بجھوایا تھا اور چودھری منیر نے باقاعدہ ان کی سفارش کی تھی اور یہ پیغام بھی دیا تھا کہ میں ماضی کی تمام غلطیوں کا سود سمیت ازالہ کروں گا ، میاں نوازشریف کے ایک قریبی دوست سے بھی سفارش کرائی گئی تھی مگر نوازشریف اپنا فیصلہ کرچکے تھے حالانکہ شہبازشریف اور شاہد خاقان عباسی جنرل باجوہ کو ایکسٹیشن دینا چاہتے تھے لیکن نوازشریف راضی نہیں ہوئے اور وہ ہر صورت عاصم منیر کو آرمی چیف بنانا چاہتے تھے۔ کالم نگار نے مزید انکشاف کیا کہ فیض حمید کو خواجہ آصف سے بھی بہت امید تھی اس کی وجہ دو احسان تھے 2018کے الیکشن میں خواجہ آصف نے جنرل باجوہ سے رابطہ کیا اور پھر جنرل فیض نے اس رابطے کا برہم رکھا ،دوسرا جنرل فیض نے خواجہ آصف کو نااہلی سے بھی بچایا تھا ۔انہوں نے کہا کہ اگر لوگ یہ تفصیلات جاننا چاہتے ہیں تو جنرل باجوہ کے سسر جنرل اعجاز امجد سے پوچھ لیں ۔ انہوں نے کہا کہ مختصرً عمران خان پر قاتلانہ حملے تک فیض حمید کو آرمی چیف بننے کی توقع تھی لہذا انہوں نے کسی قسم کی کوئی غلطی نہیں کی مگر جب عاصم منیر آرمی چیف بن گئے تو یہ کھل کر سامنے آگئے اور جو کچھ ہوا اس کی تفیصلات منظرعام پر آرہی ہیں اور فیض حمید پر یہ الزام ہے انہوں نے 9مئی کےلئے سہولت کاری کی ۔
مریم نواز کے سمدھی چودھری منیر نےفیض حمید کو آرمی چیف بنانے کی سفارش کی گئی تھی ، اہم انکشاف








