اسلام آباد(طارق محمودسمیر) مبارک ثانی کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پرپیداہونے والاتنازع بالآخرحل ہوگیا، عدالت نے وفاقی حکومت کی درخواست منظور کر تے ہوئے 42 اور 7 سمیت 49 سی کو فیصلے سے حذف کردیا، اسی طرح 6 فروری اور 24 جولائی کے فیصلوں سے متنازعہ پیرا گراف کو بھی حذف کر دیا ،مفتی تقی عثمانی، مولانافضل الرحمان، مفتی شیرمحمد اور عدالت میں موجود دیگر علما نے اس ضمن میں عدالت کی معاونت کی ،یقیناًاس تنازع کے حل میں حکومت ،علماء کرام اور پارلیمنٹ کا اہم کردار ہے ،چیف جسٹس فائز عیسیٰ نے بھی اپنی غلطی مان کر بڑے پن کا مظاہرہ کیاہے جس پر انہیں سراہناچاہئے ،اگرچہ عدالت کے فیصلے سے ملک ایک بڑے بحران سے بچ گیا ہے لیکن دیکھاجائے تو ایسی صورتحا ل پیداہی نہیں ہونی چاہئے،آئین میں واضح طور پر درج ہے کہ عدالتی فیصلے قرآن وسنت کے خلاف نہیں ہوسکتے اور پھر قادنیوں کامعاملہ طے شدہ ہے ، لہذا عدالتی کو خاص طورپر مذہبی معاملات پر فیصلوں میں ہرطرح سے احتیاط کا مظاہرہ کرناچاہئے، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے مبارک ثانی کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر آج یوم تشکر منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت عقیدہ ختم نبوت کے خلاف سازش نہیں کرسکتی، عدالتی فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بڑی کامیابی پر امت مسلمہ، قوم اور دینی جماعتوں کو مبارکباد دیتا ہوں، ملک میں شعور اور احساس موجود ہے، یوم تشکر میں پاکستان کے عوام ایک الگ جذبے اور تازہ ترین فاتحانہ تصور کے ساتھ شرکت کریں گے،یہ امربھی قابل ذکرہے کہ ذوالفقارعلی بھٹو شہید کے دور حکومت میں قادیانیوں کو غیرمسلم قراردلوانے میں مولانا فضل الرحمان کے والدمفتی محمود کا اہم کردار تھا اور مفتی محمدکاذکرعدالت میں بھی ہوا،ادھرپی ٹی آئی کے رہنماؤں کے تمام تردعووں کے باوجود اسلام آباد میں جلسہ نہیںہوسکا،عین وقت پر جلسہ منسوخ کردیا ،بظاہر حکومت پی ٹی آئی کو جلسے سے روکنے میں کامیاب ہوگئی ہے تاہم اب چونکہ 8ستمبر کوجلسے کی اجازت دینے کا فیصلہ ہوا ہے لیکن اس کے ساتھ یہ امریقینی بنانابھی ضروری ہے کہ آٹھ ستمبرکاجلسہ پرامن ہوااور کسی بھی طورپر شہریوں کے لئے مشکلات پیدا نہ ہوں ،عموماًجب بھی کوئی احتجاج یاجلسے وغیرہ کی صورتحال پیدا ہوتاہے توحکومت کنٹینرزلگاکر سڑکیں بندکردیتی ہے جس سے شہریوں کو شدیدمشکلات پیش آتی ہیں ،سکولوں کے بچوں کاتعلیمی حرج ہوتا ہے تاجروں کا کاروبار ٹھپ ہوجاتاہے لہذا ضرور ت اس امرکی ہے کہ اس مسئلے کا بھی کوئی پائیدار حل نکالاجائے ،تمام فریقوں کے اتفاق رائے سے اسلام آباد میں جلسے یااحتجاج کے لئے کوئی جگہ مختص کردی جائے تاکہ نظام زندگی مفلوج نہ ہو،دلچسپ امریہ ہے کہ ہرصورت جلسے کی رٹ لگانے والے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپورکی صوابی انٹرچینج پر جلسے میں شرکت کے لئے آنے والے لوگوں میں پیسے بانٹنے کی ویڈیووائرل ہوئی ہے جس نے2017 کے فیض آباددھرنے کی یاد تازہ کردی جب فوج کے افسرنے دھرنے کے شرکامیں پیسے بانٹنے تھے جس پر کافی تنقیدہوئی تھی یقیناً وزیراعلیٰ کاپیسے بانٹنے کا معاملہ اوررکاوٹیں ہٹانے کے لئے کرین لانابھی تشویشناک امرہے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیاجارہاہے جس کی تحقیقات ہونی چاہئیں اور حقائق سامنے لائے جانے چاہئیں،جلسے کی منسوخی کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان ایک آڈیوسامنے آئی ہے جس پر وہ پی ٹی آئی رہنماؤں پر الزام لگا رہی ہیںکہ کسی کا ارادہ ہی نہیں کہ عمران خان کو جیل سے باہر نکالا جائے۔ وہ کسی پی ٹی آئی رہنما سے بات کرتے ہوئے اسلام آباد جلسہ ملتوی کرنے پر ناراضی کا اظہار بھی کر رہی ہیں۔ علیمہ خان کے مطابق ان کو اسٹیبلشمنٹ نے ہی بھیجا ہے، اعظم سواتی صبح ساڑھے 7 بجے بانی پی ٹی آئی سے ملنے کیوں گئے؟ یہ ایک سوال ہے، اعظم سواتی کو کس نے بھیجا تاکہ بانی پی ٹی آئی کوکہہ سکیں کہ ہم جلسہ ملتوی کر رہیہیں، ہمیں آپ کے نام پر جلسہ ملتوی کرنا ہے، اعظم سواتی صبح ملنے کیلییگئیکیسے؟ انہیں اجازت کیسے مل گئی؟علیمہ خان کی یہ آڈیوجہاں پارٹی کے اندراختلافات کی تصدیق ہے وہیں جلسے نہ ہونے کے معاملے پی ٹی آئی سے اس کے اتحادیوں کے ناراضگی کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں بظاہر ایسالگ رہاہے کہ محموداچکزئی ودیگرکے اعتماد کو پی ٹی آئی قیادت نے ٹھیس پہنچائی ہے جس سے اپوزیشن اتحادکامستقبل خطرے میں پڑ گیاہے۔
مبارک ثانی کیس تنازع کے حل سے ملک نئے بحران سے بچ گیا








