اسلام آبا(طارق محمودسمیر) پاکستان کو ایک طرف کالعدم تنظیموں کی دہشتگردی کا سامناکرنا پڑرہاہے اور دہشت گردوں کیخلاف کارروائیوں میں پاک فوج اور قانون نافذکرنے والے اداروںکے افسران اور اہلکار اپنی جانیں قربان کررہے ہیں لیکن گزشتہ رات صادق آبادمیںکچے کے علاقے میں ڈاکوؤں نے جدیدہتھیاروں کااستعمال کرکے پولیس کے12 جوانوں کوشہید اور چھ کو زخمی کردیااس واقعہ نے پنجاب پولیس کی طرف سے ڈاکوؤں کے خلاف کچھ عرصہ قبل کئے گئے کامیاب آپریشن کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔یہ انتہائی افسوسناک امرہے کہ حفاظتی اقدامات کے بغیر پولیس اہلکاروںکو اس علاقے میں جانے دیاگیا۔ڈاکوؤں نے مکمل ریکی کی اور ایساوار کیاجس نے ہمارے نظام کو ہلاکررکھ دیاہے، وزیرداخلہ محسن نقوی اور آئی جی پنجاب سمیت دیگر سینئرحکام رحیم یارخان پہنچے جہاں انہوں نے زخمیوں کی عیادت اور شہداء کی نمازجنازہ میںشرکت کی ۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکو خود فوری طور پر وہاں پہنچناچاہیے تھا وزیرداخلہ جس اندازمیں پہنچے اس سے محسوس ہوتا ہے کہ انہوں نے سارے معاملات کو اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے،وزیراعلیٰ نے صوبائی سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پنجاب کو وہاں بھجوایااگر وہ خود وہاں نہیں جاسکتی تھیں تو پنجاب کابینہ کے وزراء کو بھجواناچاہئے تھا۔اکثردیکھنے میں آتاہے کہ جب پاک فوج کے جوان دہشت گردی کی کارروائیوں میں شہیدہوتے ہیںتو وزیراعظم شہبازشریف اور آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر انکی نمازجنازہ میں شرکت کرتے ہیں ،اب ضرورت ا س امرکی ہے کہ کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا جائے اس علاقے میں کرفیولگاکرپنجاب ،سندھ اور بلوچستان کی پولیس کے علاوہ نیم فوجی دستوں ،ایف سی اور پنجاب رینجرزکی خدمات بھی حاصل کی جائیںاور عوام کو ڈاکوؤں سے نجات دلائی جائے۔دوسری جانب تحریک انصاف کی طرف سے اسلام آباد میں جلسہ ملتوی کرنے کے معاملے پر مختلف قیاس آرائیاں ہورہی ہیں اوریہ تاثر پیداہورہاہے کہ عمران خان کو جلسہ منسوخ کرنے پر قائل کرنے کے لئے حساس اداروں نے کرداراداکیااور ان کے پیغام پر ہی یہ جلسہ منسوخ ہوا۔اس معاملے پر حکومت کی طرف سے کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی،عمران خان سے بھی جب صحافیوں نے عدالت میں سوال کیاتوانہوں نے بھی واضح جواب دینے سے گریزکرتے ہوئے کہاکہ یہ پیغام دیاگیاتھاکہ جلسہ ہواتوانتشارپھیلے گا۔ عمران خان ایک طرف اسٹیبلشمنٹ کو للکارتے ہیں تو دوسری طرف باربار اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات اور فیض حمید کے اوپن ٹرائل کی بات کرتے ہیں،کیاوہ یہ بتاسکتے ہیں کہ ان کے دورمیں فوجی عدالتوں میں 24مقدمات چلے تو کیاان کااوپن ٹرائل ہوااورنومئی کے جومقدمے فوجی عدالتوں میں چلے ان کا اوپن ٹرائل ہوا؟190 ملین پاؤنڈ کیس اپنے منطقی انجام کی طرف بڑھ رہاہے اور نیب کے تفتیشی افسرکی آئندہ تاریخ پر جرح مکمل ہوجائے گی جس کے بعد اس کیس کا فیصلہ آنے کاامکان ہے ،فیصلے کے بارے میںکوئی پیش گوئی کرنامناسب نہیں لیکن جو شواہد عدالت میں پیش کئے گئے ہیں وہ کافی موثرہیں۔
ڈاکوؤں کیخلاف کامیاب آپریشن کے دعوے کھوکھلے نکلے








