بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

لاپتا افراد کے معاملے کو بعض لوگوں نے ذریعہ معاش بنادیا، خواجہ آصف

 وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ناحق لوگوں کا خون بہانے والوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، کیا بلوچستان میں دوسرے پاکستانیوں کے کوئی حقوق نہیں ہیں؟ پوری قوت سے سازشی عناصر کو جواب دیں گے
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ یہ بہت افسوسناک واقعہ ہے، بلوچستان میں پہلے بھی دوسرے صوبوں سے جا کر کام کرنے والوں کو شہید کیا جاتا تھا، غریب لوگ روزی کی تلاش میں وہاں پر جاتے ہیں، یہ بلوچ علیحدگی پسند تنظیموں کی کارروائیاں ہیں، ان واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، اس کا لازمی ری ایکشن ہوگا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ایک وقت تھا پنجاب، سندھ اور دیگر صوبوں سے لوگ وہاں جا کر ملازمت کرتے تھے، اسلام آباد میں آ کر لاپتہ افراد کے نام پر دھرنے دیے جاتے ہیں، کسی کو توفیق نہیں ہوتی کہ یہ جو خون بہایا جا رہا ہے اس کی بھی مذمت کریں، وہاں پر بے گناہ لوگوں کو بسوں سے اتار کر مارا جا رہا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ کوئی بھی تحریک ڈبل اسٹینڈرڈ سے کامیاب نہیں ہوتی، ناحق خون آپ سڑکوں پر بہا رہے ہیں، لاپتا افراد میں کوئی دبئی بیٹھا ہے کوئی دوسرے ملکوں میں بیٹھے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پنجاب میں سارے صوبوں کے لوگ ملازمت کرتے ہیں، پنجاب نے اپنا دامن کھلا رکھا ہے، پنجاب کی سر زمین سارے پاکستانیوں کی ملکیت ہے، پاک سر زمین پر سب کے ایک جیسے حقوق ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ 2006 میں اکبر بگٹی کی شہادت کے بعد بلوچستان کے حالات بہت بگڑے، ریاست کے خلاف لڑنے والوں کا کوئی کاز نہیں، لاپتا افراد کے معاملے کو بعض لوگوں نے ذریعہ معاش بنادیا ہےبلوچستان میں کئی دفعہ دوسرے صوبوں سے آنے والے لوگوں کو قتل کیا گیا، یہ لوگ دہشتگرد ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں اگر ترقی نہیں ہوئی تو عوام کو وہاں کے حکمرانوں سے سوال کرنا چاہیے، اس میں پنجاب یا کسی دوسرے صوبے کا قصور نہیں۔
وزیر دفاع نے کہاکہ صرف پنجابی ہونے کی بنیاد پر لوگوں کو قتل کرنے والے دہشتگرد، لٹیرے اور چور ہیں، ان میں سے کوئی بھارت اور کوئی کس سے پیسے لے رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ لاپتا افراد کی لسٹ میں شامل کچھ لوگ بیرون ملک بیٹھے ہوئے ہیں، حال ہی میں پاکستان نے ایران میں جن لوگوں کو ہلاک کیا ان کے ورثا یہاں دھرنے میں بیٹھے ہوتے تھے۔
خواجہ آصف نے کہاکہ بلوچستان میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس میں امان و امان کی صورتحال کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کے ذریعے ہمیں کمزور کرنے کی کوشش ہورہی ہے، پوری قوت کے ساتھ اس کا جواب دیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہاکہ عمران خان کو ڈراؤنے خواب آرہے ہیں، اس لیے کہہ رہے ہیں کہ فیض حمید وعدہ معاف گواہ بن سکتے ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اگلے ہفتے پر چلا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بھارت سمیت دوست دشمن سب کو دعوت دی جائے گی۔