بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چارسدہ: جرگے کے دوران فائرنگ سے بزرگ جاں بحق، 3 زخمی

چارسدہ کے علاقے نساتہ میں رشتہ داروں کے درمیان زمین کے تنازع کے حل کے لیے منعقدہ جرگے کے دوران فائرنگ سے ایک بزرگ جاں بحق اور خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔

نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق مقتول میر داد خان کے صاحبزادے امداد اللہ نے پولیس کو شکایت میں بتایا کہ ان کے رشتہ دار جن میں ایک گروپ سے ماموں گل رسول، ان کا بیٹا تاثیر خان اور خالہ ساسکی جان اور دوسرے گروپ سے جان عالم اور گران عالم ان کے گھر زمین کا ایک تنازع حل کرنے کے لیے جمع ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جرگے کے دوران جان عالم اور گران عالم نے مشتعل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے ان کے والد میر داد موقع پر جاں بحق ہو گئے۔

شکایت کنندہ نے بتایا کہ ان کے ماموں گل رسول ولد تاثیر خان اور خالہ جن کی شناخت ظاہر شاہ کی بیوی کے نام سے ہوئی ہے شدید زخمی ہیں اور انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں حملہ آور علاقے سے فرار ہوگئے ہیں۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔